بہار کے ریاستی انتخابات سے قبل الیکشن کمیشن نے کورونا وائرس کے وبا کی وجہ سے اپنے رہنما اصولوں پر نظر ثانی کی ہے۔ نئے نوٹیفکیشن کے مطابق اس عرصے کے دوران ہونے والے تمام اسمبلی انتخابات کے لیے اسٹار مہم چلانے والوں کی تعداد کم کر دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: این ڈی اے اور عظیم اتحاد کے رہنماوں کی پرچہ نامزدگی
الیکشن کمیشن نے بہار کے انتخابات 2020 کے لئے اسٹار مہم چلانے والوں کی تعداد کم کر دی ہے۔ اس کے لئے کمیشن نے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ اس کے تحت قومی اور علاقائی پارٹی کے اسٹار کیمپینر کی تعداد 40 سے کم کر کے 30 کر دی گئی ہے، جبکہ غیر تسلیم شدہ رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کے لیے یہ تعداد 20 سے گھٹا کر 15 کر دی گئی ہے۔
اس کے ساتھ ہی اسٹار مہم چلانے والوں کی فہرست پیش کرنے کی مدت نوٹیفکیشن کی تاریخ سے 7 دن سے بڑھا کر 10 دن کر دی گئی ہے۔ نظرثانی شدہ رہنما اصول فوری طور پر نافذ العمل ہیں۔