دراصل احمد آباد کے گومتی پور علاقے میں موجود کسائی کی چال میں لوگ راشن لینے کے لیے صبح سے قطار میں کھڑے تھے لیکن دوکاندار نے جب مبینہ طور پر کم زیادہ راشن دینا شروع کیا تو مقامی لوگوں نے غصہ کا اظہار کیا۔
اس درمیان راشن حاصل کرنے کے دوران ایک راشن کارڈ ہولڈر اور دوکاندار کے درمیان معمولی کہا سنی نے ایک بڑا تنازع کھڑا کر دیا ایسے میں پولس کے موقع پر پہنچنے پر پتھراؤ کا واقعہ بھی پیش آیا۔
ایسے میں مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ دوکاندار نے پولس کو کال کرکے بلایا اور پولس نے آتے ساتھ ہی لوگوں پر ڈنڈے برسانا شروع کردیے۔ لوگ خود کو بچانے کی غرض سے بھاگے تو کسی نامعلوم شخص نے پتھراؤ شروع کردیا۔
پتھر زنی کرنے والے شخص کو ڈھونڈنے کے لیے پولس اہل کار گومتی پور کے مقامی لوگوں کے گھروں کی تلاشی لی اور ایک گھر میں ایک خاتون پر ڈنڈے برسا کر اسے حراست میں لیا گیا۔
وہیں متاثرہ خاتون کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ اس گلی میں ان کا یہ پہلا گھر ہے اس لیے پولس یہاں سب سے پہلے پہنچی اور پولیس پوچھ تاچھ کرنے کے بجائے لوگوں کو مارنے لگی، کورونا وائرس کی وجہ سے لوگ باہر نہیں نکل رہے ہیں لوگ پریشان ہیں ایسے میں پولس کی بربریت کے خلاف ہم قانونی کارروائی کریں گے.
واضح رہے کہ مقامی لوگ اسے راشن کے جھگڑے پر شروع ہوا تنازع کہہ رہے ہیں لیکن پولس اسے تبلیغی جماعت سے جوڑتی نظر آ رہی ہے۔
موصولہ معلومات کے مطابق تبلیغی جماعت نظام الدین مرکز میں گذشتہ دنوں منعقد ہوئے ایک مذہبی پروگرام میں بڑی تعداد میں مختلف ریاستوں کے لوگوں نے حصہ لیا تھا اور اس پروگرام میں شریک افراد کی ریاستی حکومت نے ایک لسٹ جاری کی ہے۔
پولس جب اس معاملے کی تفتیش کرنے کے لیے کسائی کی چال پہنچی تو مقامی لوگوں نے مبینہ طور پر ان پر پتھراو شروع کردیا اس کے بعد بڑی تعداد میں پولس کا قافلہ موقع پر پہنچا اور حالات کو قابو میں کیا۔
واضح رہے کہ ریاستی حکومت نے تبلیغی جماعت پروگرام کے تعلق سے بتایا ہے کہ اس پروگرام میں ریاست کے 1500 افراد شریک ہوئے تھے، جس میں سے اب تک احمدآباد کے 25 افراد کو پکڑ کر قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔