مرکزی وزیر برائے یوتھ اینڈ اسپورٹس کرن رجیجو نے بھارتی ہاکی کھلاڑی میجر دھیان چند کو ان کی 115 ویں یوم پیدائش کی تقریب پر گل ہائے عقیدت پیش کیا۔
رجیجو نے اولمپین کے نام سے منسوب میجر دھیان چند نیشنل اسٹیڈیم میں میجر دھیان چند کو یاد کرتے ہوئے ان کی خدمات کو سرہایا ہے۔
وزیر کھیل نے کہا کہ 'ہاکی کے مشہور کھلاڑی نے پوری دنیا میں بھارت میں پذیرائی اور مقبولیت کے لیے کھیل میں بے مثال لگن اور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا'۔
انہوں نے ٹویٹ کیا ہے کہ 'آج قومی کھیل کا دن ہے اور میں بھارت کے نامور ہاکی کھلاڑی میجر دھیان چند کو ان کی سالگرہ کے موقع پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں'۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کھیلوں اور ایڈونچر ایوارڈز کے لئے انعامی رقم میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ارجن ایوارڈ اور کھیل رتن ایوارڈ کے لئے بالترتیب 15 لاکھ اور 25 لاکھ روپے انعام کی رقم دی جائے گی۔
واضح رہے کہ ہاکی کے مشہور کھلاڑی دھیان چند کی پیدائش 1905 میں ہوئی تھی اور وہ ہاکی کی جادوئی صلاحیتوں کے سبب مشہور تھے۔ وہ بھارتی ہاکی ٹیم کا حصہ تھے جنہوں نے 1928، 1932، اور 1936 کے اولمپکس میں طلائی تمغہ جیتا تھا۔
ملک میں چاند کی یوم پیدائش کو قومی کھیلوں کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔
ہر برس 29 اگست کو قومی کھیل ایوارڈ جیسے راجیو گاندھی کھیل رتن ایوارڈ، ارجن ایوارڈ، درونچاریہ ایوارڈ اور دھیان چند ایوارڈ مختلف کھلاڑیوں کو راشٹرپتی بھون میں صدر جمہوریہ کے ذریعہ نوازا جاتا ہے۔