یہ قتل حالیہ دہلی تشدد کے دوران پیش آیا تھا۔ دہلی عدالت کے چیف میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ پون سنگھ راجوت نے طاہر حسین کو تحقیقات کے لیے چار دنوں کے لیے پولیس تحویل میں دیا ہے جبکہ پولیس نے پانچ دنوں کی تحویل مانگی تھی۔
طاہر حسین کو پچھلے مہینے پیش آئے فرقہ وارانہ فسادات کے دوران انٹلیجنس بیورو اہلکار کے قتل میں ان کے مبینہ کردار کے لیے مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
عام آدمی پارٹی نے انہیں فسادات میں ان کے مبینہ رول پر پارٹی سے معطل کردیا تھا۔ ان فسادات میں 53 افراد ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔
26 سالہ انکت شرما جن کی لاش فساد سے متاثرہ چاند باغ علاقہ میں ایک ڈرینج میں پائی گئی تھی کے والد نے ان کے قتل کا الزام طاہر حسین پر عائد کیا تھا اور ان کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کروائی تھی۔
معطل عام آدمی پارٹی کونسلر نے ان تمام الزامات کو مسترد کردیا۔ دہلی میں 24 فروری کو اس فرقہ وارانہ فسادات بھڑک اٹھے تھے جب شہریت ترمیمی قانون کے حامی اور مخالفین احتجاجیوں کے درمیان ہوئی جھڑپ بے قابو ہوگئی۔
مشتعل ہجوم نے مکانات ، دکانیں ، گاڑیاں ، ایک پٹرول پمپ نذر آتش کیا اور رہائشیوں اور پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ کیا۔