گجرات کے ضلع داہود کی سب جیل سے یکم مئی کو فرار ہونے والے زیر سماعت 13 قیدیوں میں سے نو کو پولیس کی مختلف ٹیموں نے گرفتار کرلیا ہے۔
داہود سپرنٹنڈنٹ پولیس ہیتش جویسر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 'ان زیر سماعت نو مقدمات میں پانچ قتل کے ملزم، لوٹ مار کے دو ملزم، ایک ڈکیتی کا ملزم اور ایک ملزم پر عصمت دری کے الزامات عائد کیے گئے ہیں، جنھیں ان کے ٹھکانوں سے پکڑ لیا گیا ہے'۔
اطلاعات کے مطابق یکم مئی کو ضلع داہود کے دیوگڑھ۔باریہ سب جیل سے فرار ہونے کے بعد یہ نو لوگ جنگلات میں گھوم رہے تھے اور پھر اپنے رشتہ داروں اور جاننے والوں کے احاطے میں چھپ گئے۔ جہاں سے انہیں گذشتہ دو دنوں کے دوران پولیس ٹیمز نے گرفتار کرلیا ہے۔
ایس پی نے مزید کہا کہ 'بقیہ چار قیدیوں کو پکڑنے کے لئے ابھی بھی تلاش جاری ہے'۔
عہدیداروں نے بتایا ہے کہ 'زیر سماعت مقدمے کے تحت قیدیوں پر عصمت دری اور قتل جیسے سنگین الزامات کا سامنا ہے۔ وہ صبح تین بجے کے قریب جیل کے تالے توڑنے کے بعد فرار ہوگئے تھے'۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 'قیدیوں نے پہلے تالے توڑے اور پھر سب جیل کی دیوار سے چھلانگ لگا کر فرار ہوگئے۔ یہ واقعہ چار محافظوں کی موجودگی کے باوجود پیش آیا، جنھیں جیل میں قید 80 قیدیوں کی نگرانی کے لئے تعینات کیا گیا تھا'۔