بھارت کے چیف جسٹس (سی جے آئی)شرد اروند بوبڑے موٹر بائکس سے اپنی دلچسپی کے سلسلے میں اکثر سرخیوں میں رہتے ہیں، اب ہارلے ڈیویڈسن کی نئی سپربائک کے ساتھ ان کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔
گرمیوں کی چھٹیوں میں اپنے آبائی شہر ناگپور پہنچے جسٹس بوبڑے کی ایک تصویر ٹویٹر پر ٹرینڈ کر رہی ہے، جس میں وہ ہارلے ڈیویڈسن کی نئی سپربائک سی وی او 2020 پر سوار نظر آرہے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ یہ تصویر ان کے آبائی شہر کی ہی ہے، حالانکہ اس تصویر میں وہ بغیر ماسک کے نظر آرہے ہیں، جس کے لیے ٹویٹر صارف نے تبصرہ بھی کیا ہے، کچھ ٹویٹر صارف نے لکھا ہے ’مائی لارڈ، ماسک اور ہیلمٹ کہاں ہے؟‘‘ کسی نے اس کا جواب دیا ہے کہ چونکہ سپر بائک اسٹینڈ پر کھڑی ہے اور کھڑی ہوئی بائک کے لیے ہیلمیٹ لگانا قانونی طورپر ضروری نہیں ہے۔
کچھ ٹویٹر صارف نے انہیں ایک منفرد انداز میں دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
راجیہ رکن اور سابق اڈیشنل سالیسیٹر جنرل ویویک تنکھا نے لکھا ہے،’’میں ان لوگوں کو پسند کرتا ہوں جو زندگی کا سکھ لیتے ہیں، جو دکھاوا نہیں کرتے، پروٹوکول کے جھوٹے جذبے نہیں رکھتے، لوٹین دہلی ایسے لوگوں سے بھڑی پڑی ہے، ہم نے موجودہ سی جے آئی شرد اروند بوبڑے کی یہ تصویر سوشل میڈیا پر دیکھی ہے، وہ ایک الگ طرح کی شخصیت ہیں، عہدے آتے اور جاتے رہتے ہیں لیکن آپ کے پاس ایک ہی زندگی ہوتی ہے(جینے کےلئے)۔‘‘
واضح رہے کہ گزشتہ برس سی جے آئی بنائے جانے کے بعد انہوں نے اپنے انٹرویو میں بائک کے سلسلے میں اپنے پیار کا اظہار کیا تھا۔