آندھراپردیش کے سابق وزیراعلی و تلگودیشم پارٹی کے قومی صدر این چندرا بابو نے کہا ہے کہ 'خواتین نے ریاست میں تین دارالحکومتوں کے خلاف پولیس کے نامناسب رویہ کے باوجود دلیری کے ساتھ جدوجہد کی ہے۔'
انہوں نے آج تلگودیشم کے رہنماوں کے ساتھ ٹیلی کانفرنس منعقد کی اور الزام لگایا کہ بہبودی اسکیمز کے استفادہ کنندگان کی تعداد میں حکومت نے کمی کردی ہے اور پولاورم پروجیکٹ کے کاموں میں رکاوٹ پیدا کردی ہے۔
قبل ازیں چندرابابو نائڈو نے پارٹی رہنماوں کو مشورہ دیا کہ وہ کسی بھی قسم کے اختلافات سے بچیں اورکسی بھی قسم کے تنازعہ کو پارٹی کے علم میں لائیں۔
اس سے قبل تلگودیشم اور حکمراں جماعت وائی ایس آر کانگریس کے رہنما اور کارکنوں میں جھڑپ کے واقعات پیش آچکے ہیں، تلگودیشم نے ان واقعات کے پس منظر میں حکومت اور پولیس پر زیادتی کا الزام بھی لگایا ہے۔
واضح رہے کہ دارالحکومت منتقلی معاملے کو لیکر امراوتی میں 55 سے زیادہ روز سے کسانوں کا احتجاج جاری ہے، اور وہ مسلسل یہ مطالبہ کررہے ہیں کہ امراوتی کو ہی دارلحکومت رکھا جائے۔احتجاجیوں کوتلگودیشم کا مکمل تعاون حاصل ہے۔
تلگودیشم دور حکومت میں متعدد کسان اور دیگر افراد نے دارلحکومت کی تعمیر کے لیے اپنی اراضی حکومت کو دی ہے۔ اب ان کا کہنا ہیکہ انھوں نے اپنی اراضی امراوتی کو دارلحکومت بنانے کے لیے دی تاکہ ان کا مستقبل روشن رہے۔
دوسری جانب جگن موہن ریڈی حکومت کا دعوی ہیکہ دارلحکومت کو تین شہروں میں منتقل کرنے کا فیصلہ ریاست کی مجموعی ترقی کے مد نظر کیا گیا ہے، اور اس اقدام سے ریاست کی تیز رفتار ترقی ہوگی۔