سشانت سنگھ راجپوت کی موت کی تحقیقات کرنے والی مرکزی تحقیقاتی ایجنسی سی بی آئی نے بالآخر اس کیس کے مرکزی ملزم ریا چکرورتی کو سی بی آئی نے طلب کیا ہے۔
سی بی آئی نے اپنی چھان بین کے آغاز کے آٹھویں روز ریا چکرورتی کو پوچھ گچھ کے لئے طلب کیا ہے۔
ریا چکرورتی ممبئی کے ڈی آر ڈی او گیسٹ ہاؤس پہنچیں جہاں ان سے سی بی آئی پوچھ گچھ کرے گی۔
اس سے قبل جمعرات کو تفتیشی ایجنسی نے ریا کے بھائی شویک چکرورتی سے طویل پوچھ گچھ کی تھی۔ جمعرات کو سی بی آئی نے شوک چکرورتی کو پہلی بار پوچھ گچھ کے لئے بلایا تھا، جس کے بعد اب ریا چکرورتی کو طلب کیا گیا ہے۔
سی بی آئی نے سشانت کے نوکر نیرج سنگھ، ان کے دوست آرٹ ڈیزائنر سدھارتھ پیٹھانی، کک کیشو اور اکاؤنٹنٹ رجت میواتی سے بھی پوچھ گچھ کی ہے۔ ان تمام لوگوں کو ڈی آر ڈی او کے گیسٹ ہاؤس میں پوچھ گچھ کے لئے لایا گیا تھا، جہاں سی بی آئی کی ٹیم رکی ہوئی ہے۔
واضح ہو کہ سی بی آئی ریا چکرورتی سمیت اس معاملے میں الزامات کا سامنا کرنے والوں کے خلاف تفتیش اور ایف آئی آر درج کررہی ہے۔
19 اگست کو سپریم کورٹ نے اس معاملے کی تحقیقات کے لئے سی بی آئی کو منظوری دے دی۔ اس کے علاوہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور نارکوٹکس کنٹرول بیورو بھی اس معاملے میں تفتیش کر رہے ہیں۔ سوشانت کے والد کے کے سنگھ نے ریا چکرورتی کے خلاف بہار میں 28 جولائی کو ایف آئی آر درج کرائی تھی۔ اس میں ریا پر الزام لگایا گیا تھا کہ اس نے پیسے کی دھوکہ دہی کی تھی اور سوشانت کو ذہنی اذیت دے کر اسے خود کشی پر مجبور کیا تھا۔ اس کے بعد 31 جولائی کو ای ڈی نے منی لانڈرنگ کے الزامات پر انفورسمنٹ کیس انفارمیشن رپورٹ (ای سی آئی آر) دائر کی تھی۔
تفتیش کے دوران ای ڈی نے ریا کا فون قبضے میں لے لیا ہے، جس میں مبینہ طور پر کچھ واٹس ایپ چیٹس ملے ہیں، جس کے بعد منشیات کے استعمال کا زاویہ منظرعام پر آیا۔ ای ڈی نے اس کے لئے نارکوٹکس کنٹرول بیورو سے رابطہ کیا، جس نے اس معاملے میں ایف آئی آر درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔