بی جے پی کے رہنما ارویند لمباولی کا کہنا ہے کہ ان ک پارٹی گورنر کے اشارے کے منتظر ہیں اور یقین ہے کہ جلد ہی بی جے پی کو حکومت سازی کی دعوت دی جائے گی۔
لمباولی نے کہا کہ انھیں اسمبلی میں اکثریت ثابت کرنی ہے اور گورنر کی ہدایت کے بعد ہم فلور ٹیسٹ کرینگے، پھر حکومت کا قیام ہوگا۔
گزشتہ روز کمارا سوامی کی قیادت میں کانگریس۔جے ڈی ایس اتحاد کرناٹک اسمبلی میں ہونے والے فلور ٹیسٹ میں اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ اس کے بعد وزیراعلی کمارا سوامی نے گورنر کو اپنا استعفی سونپ دیا تھا، جسے منظور کر لیا گیا ہے۔
اس کے بعد گورنر کی جانب سے بی جے پی کو اسمبلی میں اکثریت ثابت کرنے کی دعوت دی جائے گی، اگر بی جے پی نے اکثریت حاصل کر لی تو ریاست میں بی جے پی کی حکومت قائم ہو جائے گی۔
اطلاعات کے مطابق وزیراعلی نے امیدوار بی ایس یدیورپا کل گورنر سے ملاقات کریں گے اور حکومت سازی کا دعوی پیش کریں گے۔ مسٹر یدیورپا کل ہی پارٹی کے تمام اراکین کے ساتھ میٹنگ کرکے مستقبل کا لائحہ عمل تیار کریں گے۔
پوری ریاست میں بی جے پی کے حامی پٹاخے پھوڑ کر اور مٹھائیاں کھلا کر جشن منا رہے ہیں۔
مسٹر یدیورپا کو مبارکباد دینے کے لیے پارٹی کارکنان ان کی رہاتش گاہ پر بڑی تعداد میں جمع ہورہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق مسٹر یدیورپا کل ہی وزیراعظم نریندر مودی اور وزیرداخلہ و پارٹی کے صدر امت شاہ سے ملاقات کریں گے۔ ان دونوں اعلی رہنماؤں سے ملاقات کے بعد ہی وہ کسی حتمی فیصلے کا اعلان کر سکتے ہیں۔