صحت و خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق بھارت میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا انفیکشن کے 32،695 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جس سے متاثرہ افراد کی تعداد 9 لاکھ 68 ہزار876 ہوگئی ہے۔
یہ پہلا موقع ہے جب ایک دن میں متاثرہ افراد کی تعداد 30 ہزار سے زائد ہوئی ہے۔ اس سے قبل بدھ کے روز 29429 معاملات رپورٹ ہوئے تھے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 606 افراد کی ہلاکت کے ساتھ تعداد اموات 24915 ہوگئی ہے۔
انفیکشن کے تیزی سے بڑھتے ہوئے معاملوں میں صحت یاب ہونے والوں کی تعداد بھی مستقل طور پر بڑھ رہی ہے اور گذشتہ ایک دن میں 20783 مریض صحت مند ہوچکے ہیں، جن میں 612815 کو کل چھٹی دے دی گئی۔ اس وقت ملک میں کورونا انفیکشن کے 331146 فعال معاملے ہیں۔
کورونا وبا سے سب سے زیادہ متاثر مہاراشٹر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران انفیکشن کے 7975 نئے معاملے درج کئے گئے ہیں، جس سے متاثرہ افراد کی تعداد 275640 ہوگئی ہے۔ اسی عرصے کے دوران 233 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں، جس کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد 10928 ہوگئی ہے۔ وہیں 1،52،613 افراد انفیکشن سے جنگ جیتنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
انفیکشن کے معاملے میں دوسرے مقام پر پہنچے تامل ناڈو گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران انفیکشن کے معاملے 4496 کے اضافے کے ساتھ مجموعی تعداد 151820 ہوگئی ہے اور اسی عرصے کے دوران 68 لوگوں کی اموات سے یہ تعداد بڑھ کر 2167 ہوگئی ہے۔ ریاست میں 102310 افراد کو علاج کے بعد اسپتالوں سے چھٹی دے دی گئی ہے۔
قومی دارالحکومت دہلی میں کورونا وبا کی صورتحال اب کچھ کنٹرول میں ہے اور یہاں انفیکشن کے معاملوں میں اضافے کی شرح میں قدرے کمی واقع ہوئی ہے۔
دہلی میں اب تک 116993 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں اور ہلاکتوں کی تعداد 3487 ہوگئی ہے۔ یہں اب تک 95699 مریض کورونا سے آزاد ہوئے ہیں۔
جنوبی ریاست کرناٹک متاثرہ افراد کی تعداد کے لحاظ سے گجرات کو پیچھے چھوڑ کر چوتھے نمبر پر آگیا ہے۔ ریاست میں 47253 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 982 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ وہیں 18466 افراد صحتمند بھی ہوئے ہیں۔ ملک کی مغربی ریاست گجرات انفیکشن کے لحاظ سے پانچویں نمبر پر ہے، لیکن اموات کی تعداد کے لحاظ سے یہ مہاراشٹر اور دہلی کے بعد تیسرے نمبر پر ہے۔ گجرات میں 44552 افراد اس وائرس سے متاثر اور 2079 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ریاست میں 301286 افراد اس مرض سے شفایاب بھی ہوئے ہیں۔
آبادی کے لحاظ سے ملک کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش میں اب تک کورونا انفیکشن کے 41383 معاملے درج کئے گئے ہیں اور اس وبا نے 1012 افراد کی جان لی ہے جبکہ 25743 مریض ٹھیک ہوئے ہیں۔
ایک اور جنوبی ریاست تلنگانہ میں، کورونا انفیکشن کے معاملے بھی بہت تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ تلنگانہ میں کورونا متاثترین کی تعداد 39342 ہوگئی ہے اور 386 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جب کہ اب تک 25999 افراد اس وبا سے صحت مند ہوچکے ہیں۔ آندھرا پردیش میں متاثرہ افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافے کی وجہ سے سب سے زیادہ متاثرہ ریاستوں کی فہرست میں مغربی بنگال سے آگے بڑھ گئی ہے۔ ریاست میں 35451 افراد متاثر ہوئے ہیں اور اموات کی تعداد 452 ہوگئی ہے جبکہ 18378 افراد صحت مند ہوچکے ہیں۔
مغربی بنگال میں 34427 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 1000 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ وہیں اب تک 20680 افراد صحت مند ہوئے ہیں۔ راجستھان میں بھی کورونا متاثرین کی تعداد بڑھ کر 26437 ہوگئی ہے اور اب تک 530 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ 19502 افراد مکمل طور پر صحت یاب ہوچکے ہیں۔ ہریانہ میں 23306 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 319 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
اس وبا نے مدھیہ پردیش میں 682، پنجاب میں 221، جموں و کشمیر میں 206، بہار میں 180، اڈیشہ میں 77، اتراکھنڈ میں 46، آسام میں 46، جھارکھنڈ میں 38، کیرالا میں 35، چھتیس گڑھ میں 20، پڈوچیری میں 21، گوا میں 18 افراد، ہماچل پردیش میں 11، چندی گڑھ میں 11، اروناچل پردیش اور تریپورہ میں تین، میگھالیہ، دادر اور نگر حویلی اور دمن و دییو میں دو اور لداخ میں ایک کی موت ہوئی۔