ریاست کرناٹک کے ضلع یادگیر کے وقف مشاورتی کمیٹی کے چیئرمین و نائب صدر انتظامی کمیٹی درگاہ حضرت یعقوب بخاری قادری رحمۃ اللہ علیہ غلام جیلانی افغان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ 'درگاہ حضرت سید شاہ یعقوب بخاری قادری رحمتہ اللہ علیہ کا 558 واں سالانہ عرس شریف دو نومبر سے چار نومبر تک نہایت ہی سادگی کے ساتھ منایا جائے گا'۔
کورونا وائرس (کووڈ۔19) کی وجہ سے ریاستی حکومت اور وقف بورڈ کے احکامات کے مطابق عرس کے تقریبات کو محدود کیا گیا ہے۔
اسی کے پیش نظر کورونا وائرس سے بچنے کے لیے بنائے گئے احتیاطی اقدامات پر عمل کرتے ہوئے رواں برس سالانہ عرس منایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ 'رواں برس میلہ نہیں لگے گا اور نہ ہی مینا بازار لگایا جائے گا'-
انہوں نے عاشقان اولیاء اور عقیدت مندان حضرت سید شاہ بخاری قادری رحمتہ اللہ علیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ سالانہ عرس کے موقع پر درگاہ نہ آئیں۔ وہ اپنے اپنے مقام پر اپنے گھروں میں ہی حضرت سید شاہ بخاری رحمتہ اللہ علیہ کے نام سے فاتحہ خوانی کریں'۔
اس موقع پر کمیٹی کے دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔