آندھراپردیش حکومت کو سپریم کورٹ میں دھچکہ پہنچا ہے۔ جسٹس اشوک بھوشن، جسٹس آر سبھاش ریڈی اور جسٹس ایم آر شاہ پر مشتمل بنچ نے حکمرانی کو غیرمرکوز کرنے، کیپٹل ریجن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی (سی آر ڈی اے)کے قانون کو منسوخ کرنے کے معاملہ پر اے پی ہائی کورٹ کی جانب سے دیئے گئے جوں کا توں رکھنے کے احکام پر سوال کرتے ہوئے ریاستی حکومت کی جانب سے داخل کردہ عرضی کو آج سپریم کورٹ نے مسترد کردیا۔
ریاست کے تین دارالحکومتوں کے معاملہ پر عدالت عظمی نے کہا کہ اس معاملہ پر اس سے رجوع ہونامناسب نہیں ہے،حالانکہ یہ معاملہ ہائی کورٹ میں زیردوراں ہے۔ساتھ ہی بنچ نے امید ظاہر کی کہ ہائی کورٹ جلد ہی اس معاملہ کی سماعت مکمل کرلے گا۔حال ہی میں چیف جسٹس بوبڈے کی بنچ پر یہ معاملہ سماعت کیلئے آیا تھا تاہم اس عرضی کو جسٹس آر ایف نریمان کی بنچ کو منتقل کردیا گیا۔تکنیکی مسئلہ کی وجہ سے اس کی سماعت جسٹس اشوک بھوشن کی بنچ نے کی۔
یہ بھی پڑھیں:انویتا کے مکمل علاج کی وزیراعلی نے یقین دہانی کرائی