دہلی کی تیس ہزاری عدالت نے رانی جھانسی روڈ کے قریب اناج منڈی حادثہ میں 43 افراد کے ہلاک ہونے کے بعد فیکٹری کے مالک ریحان اور مینیجر فرقان کو پیر کے روز پوچھ گچھ کے لئے 14 دن کی پولیس حراست میں بھیج دیا ہے۔
اتوار کی صبح اناج منڈی میں ایک عمارت کی چوتھی اور پانچویں منزل میں بھیانک آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں 43 لوگوں کی دم گھٹنے یا جھلسنے سے موت ہو گئی تھی۔ اس حادثے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے تھے جو ہنوز زیرعلاج ہیں۔
ریحان اور فرقان کو پولیس نے کل شام گرفتار کیا تھا۔ دونوں کو تعزیرات ہند کی دفعہ 304 (غیر ارادتاً قتل) اور دفعہ 285 (آگ یا آتشگیر مادہ کے سلسلے میں لاپرواہی) کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔
دونوں کو آج تیس ہزاری عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے انہیں پوچھ گچھ کے لئے 14 دن کی پولیس حراست میں بھیج دیا گیا۔