ملینیم اسٹار اداکار امیتابھ بچن نے اپنے ٹویٹ پیغام میں کہا کہ جگدیپ کی موت سے فلم انڈسٹری ایک اور نگینہ سے محروم ہوگئی ہے۔
مزاح کی دنیا کے بے تاج بادشاہ جگدیپ آٹھ مئی 2020 کو اس دنیا کو الوداع کہہ گئے، جگدیپ کے انتقال سے بالی وڈ میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔
امیتابھ بچن نے جگدیپ کو خراج عقیدت پیش کیا ہے، سپراسٹار نے بلاگ میں لکھا 'گزشتہ رات ہم نے ایک اور نگینہ کھودیا، جگدیپ کامیڈی میں حیرت انگیز صلاحیتوں کے حامل گزر گئے، اداکاری کا ان کا اپنا انوکھا انداز تھا، مجھے متعدد فلموں میں ان کے ساتھ کام کرنے کا اعزاز حاصل ہوا، ناظرین کی نگاہوں میں جو نمایاں ہیں، ان میں شعلے اور شہنشاہ شامل ہیں، وہ ایک شائستہ شخصیت کے مالک تھے جنہیں لاکھوں لوگوں کا پیار ملا، میری دعائیں اور عقیدت ان کے لیے۔'
وہیں اداکار انل کپور، رنویر سنگھ، ایوشمان کھورانا، سنجے مشرا سمیت دیگر نے بھی جگدیپ کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔
رنویر نے اپنے انسٹاگرام پر جگدیپ کی تصویر شیئر کی جس میں وہ اپنے انوکھے انداز میں نظر آرہے ہیں، اداکار انل کپور نے جگدیپ کو یاد کرتے ہوئے بھارت کے عظیم فنکاروں میں سے ایک بتایا ہے۔
ایوشمان کھورانا نے لکھا 'انڈسٹری میں آپ کا تعاون ہمیشہ یاد کیا جائے گا، ہمیں ہنسانے کے لیے شکریہ، تمام یادوں کے لیے شکریہ، دوسری جانب سنجے مشرا نے لکھا 'آپ نے اپنی پوری زندگی ہندی سنیما کو دے دی، آپ کامیاب ہیں۔'
واضح رہے گزشتہ تین ماہ میں بالی ووڈ کے کئی اداکار کا انتقال ہوا ہے، حال ہی میں سروج خان اور نوجوان اداکار سشانت کی موت سے بالی ووڈ میں ہلچل مچ گئی تھی۔