حکومت قومی شاہراہوں کو بین الاقوامی معیار کا بنانے کے لئے آئی آئی ٹی اور این آئی ٹی اور دیگر نامور انجینئرنگ انسٹی ٹیوٹ کے ساتھ معاہدہ کرکے بہتر انفراسٹرکچر کی ترقی کے لئے قومی صلاحیتوں کو استعمال کرے گی۔
این ایچ اے آئی نے کہا 'اس طرح کے تجربے کا مقصد ملک کے اعلی اداروں کے طلباء اور اساتذہ کی صلاحیتوں کو استعمال کر کے ملک کی سڑکوں کو عالمی معیار کا بنانا اور ملکی صلاحیتوں کے لئے عالمی مواقع فراہم کرنا ہے'۔
ملک کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے کام میں مصروف اس تنظیم نے کہا 'اس طرح کے معاہدے سے سڑکوں کی تعمیر کے شعبے کے لئے ہنر مند لوگوں کا استعمال بہتر طریقے سے ہوسکے گا اورمقامی مسائل آسانی سے حل ہونے کے ساتھ ہی ملک کے عوام کو ٹریفک کے مسائل سے نجات ملے گی اور قومی شاہراہوں پر ہونے والے حادثات کو کم کرنے میں مدد ملے گی'۔
این ایچ اے آئی کا کہنا ہے 'اس سے انھیں قومی شاہراہوں پر سامنے آنے والی پریشانیوں اور مستقبل کے مسائل کو سمجھنے میں آسانی ہوگی اور تعمیراتی کام کے دوران مقامی سطح پر لوگوں کے مسائل کو سہل طریقے سے حل کیا جاسکے گا'۔
ان کا کہنا ہے 'ان اقدامات کا ملک کے ان سرکردہ اداروں نے بڑے پیمانے پر خیرمقدم کیا ہے اور ان تنظیموں نے اس تجویز کو مثبت انداز میں لیا ہے۔ اس کام کے لئے متعدد آئی آئی ٹی، این آئی ٹی اور انجینئرنگ انسٹی ٹیوٹ کے ساتھ باہمی اتفاق کا معاہدہ کیا جارہا ہے'۔