بھارتی پردہ سیمیں پر المیہ سے متعلق اداکاری میں شہنشاہ جذبات دلیپ کمار کی برابری کرنے اور فلم بینوں کے دلوں پر ایک طویل عرصے تک راج کرنے والی مشہور اداکارہ مینا کماری کی آج 87ویں سالگرہ منائی جارہی ہیں۔
اولین فلم فیئر ایوارڈ [1952] یافتہ مینا کماری نے فلمی دنیا کی کم سن اداکارہ کے طور پر سفر شروع کیا تھا اور ایک طویل عرصے تک وہ ہندستانی پردہ سیمیں پر چھائی رہیں۔
اپنے 33 سالہ فلمی کیریئر میں انہوں نے 90 سے زائد فلموں میں کام کئے۔ بیجو باورا ،کاجل، پھول اور پتھر، دل ایک مندر، آرتی، پاکیزہ اور صاحب بی بی اور غلام کے علاوہ اور بھی کئی فلمیں ان کی یادگار فلموں میں شمار کی جاتی ہیں۔
گذشتہ صدی کی چھٹی دہائی میں مینا کماری نے اردو کے مشہور شاعر کمال امروہی سے شادی کی جو دونوں کو راس نہیں آئی۔
مینا کماری کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہ بالی ووڈ کی پہلی ہیروئن ہیں جن کو پہلا فلم فیئر ایوارڈ 1952 کی ہٹ فلم ’بیجو باورا‘ پر ملا۔
فروری 1972 میں فلم پاکیزہ کی ریلیز کے دو ماہ بعد ہی مینا کماری جگر کے عارضے میں مبتلا ہو گئیں اور 31 مارچ 1972 کو اپنے مداحوں کو سوگوار چھوڑ کر اس دنیا سے رخصت ہو گئیں۔
مینا کماری اپنی باکمال، بے مثال اور لا زوال اداکاری کی وجہ سے آج بھی اپنے چاہنے والوں کے دلوں میں زندہ و تابندہ ہیں۔