ارنب گوسوامی کےخلاف چھتیس گڑھ کے سبھی 28 ضلعوں میں کانگریس کارکنان نے پارٹی صدر سونیا گاندھی کے خلاف قابل اعتراض تبصرہ کرنے اور فرقہ وارانہ فسادات کے لیے لوگوں کو مشتعل کرنے سمیت کئی الزام لگاتے ہوئے 101 معاملے پولیس میں درج کرائے ہیں۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ دارالحکومت رائے پور میں کل دیر شام پہلا معاملہ سینیئر کانگریس رہنما اور چھتیس گڑھ حکومت میں وزیر ٹی ایس سنگھ دیو اور ریاستی کانگریس صدر موہن مرکام نے سِول لائن تھانے میں معاملہ درج کرایا۔
اس کے بعد پوری ریاست میں ارنب گوسوامی کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کا سلسلہ شروع ہوگیا اور اب تک تقریباً 101 معاملے پوری ریاست میں درج ہوئے ہیں جس مٰن سب سے زیادہ 12 معاملے وزیراعلی بھوپیش بگھیل اور وزیر داخلہ تامردھوج کے آبائی ضلع درگ میں درج ہوئے ہیں۔
سنگھ دیو اور مرکام نے ایف آئی آر میں کہا کہ 'ٹی وی چینل اور اس کے اینکر و ایڈیٹر ارنب گوسوامی نے مہاراشٹر کے پالگھر میں سادھو کو ہجوم کے ذریعہ قتل کئے جانے پر ’ایک بحث و مباحثہ پروگرام میں اپنے بیان سے ملک کی عوام کے جذبات کو مجروح کیا ہے، ساتھ ہی ملک کے مختلف طبقوں کے درمیان نفرت کا ماحول بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس بحث کے دوران گوسوامی نے کانگریس صدر سونیا گاندھی پر بھی غیر مہذب اور قابل اعتراض تبصرہ کیا تھا۔
ریاست بھر میں درج سبھی ایف آئی آر میں تقریباً ایک جیسے الزام لگائے گئے ہیں، پولیس نے ارنب گوسوامی، اے آر جی میڈیا پرائیویٹ لیمیٹیڈ اور ری پبلک بھارت ٹی وی چینل کے خلاف تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت معاملہ درج کیا ہے۔ پولیس نے اس معاملے مین تفتیش شروع کر دی ہے۔