ریاست جھارکھنڈ کے ضلع پلامو میں پولیس نے جانوروں کے اسمگلروں کے خلاف بڑی کارروائی کی ہے۔ پولیس نے ان 19 گاڑیوں کو ضبط کر لیا ہے، جس میں جانوروں کو اسمگلنگ کے لیے لے جایا جا رہا تھا۔
جانوروں کے اسمگلروں نے قومی شاہراہ 98 پر اے ایس پی وجے شنکر کے باڈی گارڈ کو گاڑیوں سے روندنے کی بھی کوشش کی لیکن وہ ناکام ہو گئے اور سبھی 25 سے زائد افراد کو اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتار اسمگلرز کا تعلق اترپردیش، بہار، جھارکھنڈ اور بنگال کی ریاستوں سے بتایا گیا ہے۔
پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ بہار کے علاقے سے جانوروں کی اسمگلنگ کی ایک بڑی کھیپ پلامو کے راستے بنگال جارہی ہے۔ اس اطلاع کی بنیاد پر اے ایس پی کے وجے شنکر نے کارروائی کی اور اسمگلنگ کے بڑے نیٹ ورک کا انکشاف کیا۔
اے ایس پی کے وجے شنکر نے بتایا کہ ابتدائی طور پر میدنی نگر کے ریڈما علاقے میں ایک بولیرو اور ایک کار پکڑی گئی تھی جس کے بعد اسمگلر گاڑیوں کو پیچھے چھوڑ کر بھاگنے لگے۔ اسی تسلسل میں چیکنگ کے دوران چیگونا کے مقام پر آٹھ گاڑیوں کو ضبط کیا گیا، اسمگلروں نے ایک جوان کو روندنے کی کوشش کی۔ باقی گاڑیاں چھتر پور کے علاقے میں پکڑی گئیں۔
جانوروں کے اسمگلروں کا جال اترپردیش سے بنگال تک پھیلا ہوا ہے۔ گرفتار اسمگلر جانوروں کو اترپردیش اور بہار سے بنگال لے جارہے تھے۔ پورے معاملے میں ایک بڑا نیٹ ورک کا انکشاف ہوا ہے۔ جانوروں کے اسمگلروں کے خلاف پلامو پولیس کی یہ اب تک کی سب سے بڑی کارروائی ہے۔
جانوروں کے اسمگلر بولیرو سے پولیس کی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے تھے لیکن پولیس کو درست اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔ چھتر پور میدنی نگر کے علاقے میں پولیس نے گاڑیوں کی چیکنگ شروع کردی۔ گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران بولیرو جانوروں کی اسمگلنگ والی گاڑی سے پہلے پکڑا گیا تھا۔