نئی دہلی: قومی راجدھانی دہلی میں بی جے پی یووا مورچہ کے رہنماؤں نے اورنگ زیب مارگ پر بابا وشواناتھ مارگ کا بینر لگایا اور مطالبہ کیا کہ اس مارگ کا نام جلد از جلد بابا وشواناتھ کے نام پر رکھا جائے۔ تاہم پولیس نے اس بینر کو ہٹا دیا ہے۔ عوامی املاک کو نقصان پہنچانے کے الزام میں تغلق روڈ تھانے میں مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔ بی جے پی یووا مورچہ کے دہلی ریاستی صدر واسو رکھڈ نے جمعرات کی شام نئی دہلی میں 'اورنگ زیب مارگ ' پر 'بابا وشواناتھ مارگ' کا بینر لگایا۔ انہوں نے کہا کہ اورنگ زیب ایک بے رحم مغل حملہ آور تھا جو بھارت کے لیے ایک دھبہ تھا۔ BJP Yuva morcha Put Banner of Baba vishwanath marg on aurangzeb lane
انہوں نے الزام لگایا کہ اورنگ زیب نے بھارت کے کئی مندروں کو منہدم کرکے ان پر مساجد تعمیر کرائی۔ جیسا کہ گیان واپی مسجد کی تحقیقات میں شیولنگ کا پتہ چلا ہے۔ اس سے یہ بات بالکل واضح ہو گئی ہے کہ بھارت میں ایسی کئی مساجد ہوں گی، جن کی تعمیرات مندروں کو منہدم کرکے کی گئی ہیں۔ کچھ نام نہاد مورخوں نے کانگریس کے ساتھ مل کر بھارت کی تاریخ میں ان مغل حملہ آوروں کو ہیرو بنا دیا۔ لیکن اب ہم مغلوں کی سفاک تاریخ کو عوام کے سامنے لائیں گے اور بتائیں گے کہ اورنگ زیب ہیرو نہیں بلکہ ولن تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مغلوں کا دور بھارت کی سنہری تاریخ کا سیاہ باب ہے۔ اس کا قلع قمع کرنا ہم سب کا فرض ہے۔ اس سلسلے میں ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اورنگ زیب مارگ کا نام جلد از جلد بدل کر بابا وشواناتھ رکھا جائے، دوسری صورت میں انہوں نے دھمکی دی کہ دہلی یووا مورچہ کے کارکنان سڑکوں پر نکل آئیں گے۔