فٹبال کی تاریخ کے سب سے عظیم کھلاڑیوں میں سے ایک ارجنٹینا کے ڈیاگو میراڈونا کے انتقال کی خبر ملتے ہی ارجنٹینا کے صدر البرٹو فرنانڈیز نے ملک میں سہ روزہ قومی سوگ کا اعلان کردیا ہے۔
ڈیاگو میراڈونا کا بدھ کے روز گھر میں ہی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہو گیا۔
ارجنٹینا کے صدر البرٹو فرنانڈیز نے اپنے ملک کے اس عظیم فٹ بالر کی موت پر سہ روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔ ڈیاگو میراڈونا کی موت پر کھیل کی دنیا میں صف ماتم بچھ گیا ہے۔
برازیل کے عظیم فٹبالر پیلے نے بھی ڈیاگو میراڈونا کی موت پر اظہار تعزیت کیا ہے۔ پیلے نے ایک مختصر بیان میں کہا کہ 'یقیناً ہم ایک دن جنت میں ایک ساتھ فٹبال کک ماریں گے'۔
وہیں دوسری جانب فٹ بال کی تاریخ کے سب سے بڑے کھلاڑی ڈیاگو میراڈونا کی موت پر مرکزی وزیر کھیل کرن رجیجو، کانگریس کے سابق صدر اور سینیئر رہنما راہل گاندھی اور بی سی سی آئی کے صدر سوربھ گانگولی سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے متعدد افراد نے خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
بی سی سی آئی کے صدر سوربھ گانگولی نے ٹوئٹ کرکے میراڈونا کو یاد کیا، انہوں نے کہا کہ 'میرا جینیس اب ہمارے درمیان نہیں رہا۔ میں صرف آپ کے لیے فٹ بال دیکھتا تھا'۔
بھارت میں 'کرکٹ کے بھگوان' کا درجہ حاصل کرنے والے سچن تندولکر نے بھی ٹوئٹ کیا اور ڈیاگو میراڈونا کو خراج تحسین پیش کیا۔
تندولکر نے ٹوئٹ کیا کہ 'فٹ بال اور کھیلوں کی دنیا نے آج ایک عظیم کھلاڑی کو کھو دیا۔ آپ ہمیشہ یاد کیے جائیں گے'۔