آندھراپردیش کی حکومت نے ریاست میں کورونا کے بڑھتے ہوئے معاملات کے مدنظر جزوی کرفیو کے نفاذ کا اہم فیصلہ کیا ہے۔
یہ جزوی کرفیو دن کے اوقات میں اس ماہ کی پانچ تاریخ سے ہوگا تاکہ کورونا کے معاملات کو روکا جاسکے۔دکانات کو کھولنے کے اوقات صبح 6 بجے تا12 بجے دن تک ہوں گے۔دوسری طرف اسی دوران دفعہ 144بھی نافذ رہے گا۔
وزیراعلی وائی ایس جگن موہن ریڈی نے ریاست میں کورونا کے معاملات کا جائزہ لیا۔یہ فیصلہ اس موذی مرض کو پھیلنے سے روکنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے حصہ کے طورپر کیا گیا ہے۔وزیراعلی نے حکام کو ہدایت دی کہ وہ کووڈ کے احتیاطی اقدامات کے ساتھ ساتھ اسپتالوں میں بستروں کی تعداد میں اضافہ کرے۔یہ کرفیو ریاست بھر میں دو ہفتوں کے لئے ہوگا۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے تعاون کریں اور کووڈ کے رہنما خطوط پر عمل کریں۔وزیراعلی جگن موہن ریڈی نے ہدایت دی کہ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹاجائے۔ ریاست میں پہلے ہی رات کا کرفیو نافذ ہے اور اب دن میں بھی کرفیو نافذ رہے گا۔بدھ سے دن کا کرفیو نافذ رہے گا۔
یواین آئی