مدھیہ پردیش میں ضلع کھرگون کے ایک مندر میں مسلمانوں کے بائیکاٹ کا حلف لیا گیا۔ کھرگون میں مبینہ طور پر گایتری پریوار کی جانب سے تقریب حلف برداری کا اہتمام کیا گیا تھا، جس میں ایک مندر کے اندر مسلمانوں کے بائیکاٹ کا حلف لیتے ہوئے ویڈیو بھی وائرل ہوا، جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایف آئی آر درج کیا ہے۔ کھرگون میں رام نومی پر ہونے والے تشدد کے بعد اگرچہ کشیدگی میں کچھ کمی ضرور آئی ہے لیکن اب سوشل میڈیا پر اس طرح کی ویڈیوز وائرل ہو رہی ہیں۔ ان میں سے ایک ویڈیو ایسی بھی ہے جس میں کچھ ہندو، مسلمانوں کے بائیکاٹ کا اعلان کررہے ہیں۔ Economic Boycott Of Muslims In Khargone
ویڈیو میں مبینہ طور پر گایتری پریوار نامی تنظیم کی جانب سے منعقدہ تقریب کے دوران کچھ لوگوں کو مندر کے اندر مسلمانوں کے بائیکاٹ کا حلف لیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ مندر میں موجود لوگوں نے حلف لیتے ہوئے کہا کہ "آج سے ہم ودھرمیوں (مسلمانوں) کی دکانوں سے کپڑے، چپل یا دیگر کسی بھی چیز کو نہیں خریدنے کا عزم کرتے ہیں اور نہ ہی ہم ان کو کوئی سامان فروخت کریں گے۔
مزید پڑھیں:۔ Khargone Violence: کھرگون میں مسلمانوں کی دوکانوں کے بائیکاٹ کا اعلان
وہیں ایک اور ویڈیو وائرل ہو رہا ہے جس میں ساؤنڈ باکس والی کار کے ذریعہ ہندووں سے مسلمانوں کے بائیکاٹ کی اپیل کی جا رہی ہے، ساؤنڈ باکس والی کار سے مسلسل یہ آواز بلند کی جارہی ہے کہ تشدد کرنے والوں کو سبق سکھانے کے لئے ہندو سماج کے لوگ ان کا بائیکاٹ کریں جو رام نوامی کے دوران پتھربازی میں شامل تھے۔ ویڈیو سامنے آنے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ اس معاملے میں ایس پی روہت کاشوانی کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ کترگاؤں کا ہے۔ ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔ جب کہ ویڈیو کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔