علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی ریزیڈنشیل کوچنگ اکیڈمی (آر سی اے) کے تین طلبہ نے 2012 کے بعد پہلی مرتبہ یو پی ایس سی سول سروس امتحان 2020 میں کامیابی حاصل کی۔
جامعہ ملیہ اسلامیہ کے 20 طلبہ نے مقابلہ جاتی یو پی ایس سی سول سروس امتحان 2020 میں کامیابی حاصل کی وہیں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے تین طلبہ نے یو پی ایس سی امتحان 2020 میں کامیابی حاصل کی ہے۔
کامیاب ہونے والے امیدوار درج ذیل ہیں۔
۱۔ ڈاکٹر بشریٰ بانو (ایم بی اے، پی ایچ ڈی مینجمنٹ، اے ایم یو، 234 ویں رینک)۔
۲۔ التمش غازی (بی ٹیک، آئی آئی ٹی، بی ایچ یو، 282 ویں رینک)۔
۳۔ ارون کمار سنگھ (اے ایم یو سے بارہویں جماعت، بی ٹیک، جیپور، 554 ویں رینک)
اے ایم یو کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے آر سی اے کے تین طلبہ کے سول سروسیز امتحان میں کامیابی حاصل کرنے پر ان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ محنت، دیانتداری اور عوامی فلاح و بہبود کے جذبہ کے ساتھ قوم کی خدمت کریں گے۔
اے ایم یو کے آر سی اے کے ڈائریکٹر پروفیسر عمران سلیم نے طلبہ کی کامیابی حاصل کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ابھی اور بہتر نتائج آنا باقی ہیں۔ 2012 کے بعد تقریبا دس برسوں میں پہلی مرتبہ تین طلبہ نے ایک ساتھ یو پی ایس سی 2020 میں کامیابی حاصل کی ہے۔
پروفیسر عمران سلیم نے مزید کہا ہمارے یہاں کے طلبہ سنجیدہ ہیں اور ہمارا آر سی اے ملک کا واحد آر سی اے ہے جو کرونا وبا میں بھی کھلا رہا، ہم نے آر سی اے کے صرف ڈائننگ ہال کو بند کر دیا تھا۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور کی اجازت کے بعد طلبہ نے آر سی اے میں مستقل تعلیم حاصل کی اس کے لئے ہم وائس چانسلر اور رجسٹرار کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
پروفیسر عمران نے طلبہ کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی دیگر طلبہ کو بھی سول سروسز اور دیگر مقابلہ جاتی امتحان کے لئے مہمیز کرے گی۔ اس کے ساتھ ہی وہ دیگر طلبہ کی بھی رہنمائی کریں گے، انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ اگلے سال ہمارے یہاں سے کم سے کم چھ سات طلبہ کامیابی حاصل کریں گے۔
مزید پڑھیں:۔ علیگڑھ: ایم بی بی ایس کی سیٹوں کی تعداد 150 سے بڑھ کر 200 ہونے کا امکان
اے ایم یو، آر سی اے کی ڈپٹی ڈائریکٹر پروفیسر آسیہ چوہدری نے بتایا یہ کامیابی ٹیم ورک سے ہی ممکن ہو پائی ہے۔ ہم لوگوں نے کرونا وبا میں بھی آن لائن کے ذریعہ مختلف پروگرام کا انعقاد کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آر سی اے نے سول سروسیز، جوڈیشل سروسیز اور ایس ایس سی، سی جی ایل کوچنگ پروگراموں کے لئے مفت کوچنگ و رہنمائی کے خاطر آن لائن درخواستیں طلب کی ہیں، جن میں ہونہار اور ضرورت مند طلبہ کو محدود تعداد میں وظائف بھی دئے جائیں گے۔
خواہشمند طلبہ 15 اکتوبر 2021 تک ویب سائٹ
https://oaps.amucontrollerexams.com
کے توسط سے آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔