اتراکھنڈ کے وزیراعلی تیرتھ سنگھ راوت کا اقتدار میں آنے کے ساتھ ہی تنازعات سے رشتہ جڑنے لگا ہے۔ حال ہی میں دارالحکومت دہرادون میں چائلڈ رائٹ پروٹیکشن کمیشن کے زیر اہتمام قومی سطح کے ورکشاپ میں نوجوان مرد اور خواتین کی پھٹی جینز کے بارے میں وزیراعلی تیرتھ نے ایک متنازع بیان دیا تھا جس کے بعد ان کے اس بیان کی تنقید کی جارہی ہے۔
جہاں ہریش راوت نے ان کے اس بیان پر انہیں نصیحت دی تھی۔ وہیں اب امیتابھ بچن کی نواسی نویا نویلی نندا نے بھی وزیراعلی تیرتھ سنگھ راوت کو ذہنیت تبدیل کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
نویا نویلی نندا نے انسٹاگرام پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے وزیراعلی تیرتھ سنگھ راوت کو لکھا کہ 'ہمارے کپڑوں کو بدلنے سے پہلے اپنی ذہنیت بدلیں، یہاں پر صرف یہی بات حیران کرنے والی ہے کہ ہم معاشرہ کو کیسا پیغام دے رہے ہیں۔ میں اپنی پھٹی جینز پہنوں گی، بہت فخر کے ساتھ پہنوں گی، شکریہ۔'
واضح رہے کہ حال ہی میں وزیراعلی تیرتھ سنگھ راوت نے کہا تھا کہ آج کل کے نوجوان لڑکے اور لڑکیاں پھٹی جینز پہن کر اپنی امیری کو دکھانے کی کوشش کرتے ہیں جبکہ یہ سیدھے طور پر ان کی تہذیب کو پیش کرتا ہے۔ اس کے لیے ان کے سرپرست ذمہ دار ہیں۔ اس بیان کے بعد سے ہی وزیراعلی تیرتھ سنگھ راوت حزب مخالف کے رہنماؤں کے ساتھ ساتھ مشہور ہستیوں کے نشانے پر بھی آ گئے ہیں۔