بھوپال: ریاست مدھیہ پردیش میں راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کو اچھی حمایت مل رہی ہے لیکن وہیں آج اسی یاترا کے تیسرے روز سڑک کنارے کھڑے لوگوں کے درمیان سے مبینہ طور پر پاکستان زندہ باد کے نعرے لگنے پر کانگریس اور بھارتیہ جنتا پارٹی آمنے سامنے آگئی ہیں۔ بی جے پی کے ریاستی وزیر ویشواس سارنگ نے کانگریس اور راہل گاندھی پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگنا ملک کے ساتھ غداری کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی یہ یاترا ٹکڑے ٹکڑے گینگ کو جوڑنے کے لیے نکال رہ ہیں۔ وہ کبھی پاکستان زندہ باد کے نعرے لگانے والی لڑکی کو گلے لگاتے ہیں تو کبھی اس پادری کو گلے لگانے کی بات کہتے ہیں جو ہندوؤں کا مذہب تبدیل کرنے کی مہم چلا رہا ہے اور کہیں وہ افضل ہم شرمندہ ہیں جیسی بات کرنے والے کنہیا کمار کا ساتھ دے رہے ہیں۔ Alleged Pakistan Zindabad chants in Bharat Jodo Yatra
انہوں نے کہا کہ ساورکر جیسے شخص کے خلاف بیان دے کر ہزاروں مجاہدین آزادی کا مذاق اڑایا جا رہا ہے۔ اس لیے راہل گاندھی بھارت جوڑو یاترا نہیں بلکہ بھارت توڑو یاترا کر رہے ہیں۔ جس طرح سے آج ان کی یاترا میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگے ہیں، اس سے لگتا ہے کہ راہل گاندھی یہ یاترا پاکستان کے اشاروں پر نکال رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ اس یاترا کی پاکستان نے فنڈنگ کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی پر پہلے بھی الزام لگایا تھا کہ وہ چائنا کے سفیر سے رات کے اندھیرے میں مل کر آئے تھے۔ انہوں نے کسی دوسرے ملک کے جاسوس سے رات میں ملاقات کی ہے۔ اب ان کی بغل میں کھڑے رہ کر پاکستان زندہ باد کے نعرے لگ رہے ہیں تو اس سے صاف ہے کہ راہل گاندھی کی یاترا پاکستان کے ذریعے اسپانسر کی گئی ہے۔ ویشواس سارنگ نے کہا کہ پاکستان پرستی کی ذہنیت پہلے بھی کانگریس کے رہنماؤں نے دکھایا ہے۔ چاہے وہ کمل ناتھ ہو یا دگ وجے سنگھ ہو یا پھر منی شنکر ایر ہوں اور آج کانگریس کے پاکستان کے لئے احساسات بھارت جوڑو یاترا میں نظر آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس معاملے کی سخت مذمت کرتے ہیں کیونکہ یہ معاملہ بہت ہی شرمناک ہے۔
مزید پڑھیں:۔ Bharat Jodo Yatra In MP مدھیہ پردیش میں بھارت جوڑو یاترا کا تیسرا دن
وہیں کانگریس کے ترجمان حفیظ خان نے کہا راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا سے بھارتیہ جنتا پارٹی گھبرا گئی ہے جس طرح سے بھارت جوڑو یاترا کو لوگوں کا سپورٹ مل رہا ہے اور لوگ لگاتار اس یاترا سے جُڑ رہے ہیں۔ اس لیے بھارتی جنتا پارٹی کا ڈرٹی ٹرک ڈپارٹمنٹ الرٹ ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی ویڈیو وائرل ہو رہا ہے اس میں چھیڑ خانی کی گئی ہے۔ اگر سڑک کنارے اتنے لوگ کھڑے ہیں اور وہ اس طرح کے نعرے لگا رہے ہیں اور یاترا میں بڑی تعداد میں پولیس اہلکار شامل ہیں تو وہ وہاں لوگوں کو کیوں نہیں پکڑ رہے ہیں، ان پر کوئی کارروائی کیوں نہیں کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پولیس اور حکومت کے ناک کے نیچے کوئی شخص اس طرح کے نعرے لگا کر چلا جاتا ہے اور اسے چھوڑ دیا جاتا ہے تو یہ صاف طور سے دکھتا ہے کہ یہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی سازش ہے۔ وہ شخص بھارتیہ جنتا پارٹی اور آر ایس ایس کا حامی ہیں ہو سکتا ہے۔