افغانستان کے شمال مشرقی صوبے پنجشیر میں مزاحمتی فورسز کے رہنما احمد مسعود نے اتوار کے روز کہا کہ اگر طالبان پنجشیر چھوڑ دیتا ہے تو وہ لڑائی بند کرنے اور بات چیت شروع کرنے کے لئے تیار ہے۔
مسعود نے فیس بک پر جاری ایک بیان میں کہا 'اگر طالبان پنجشیر اور اندراب میں اپنے حملے اور فوجی کارروائیاں بند کر دیتا ہے۔ ساتھ ہی ساتھ علماء اور مصلحین کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کرنے اور بحث اور بات چیت جاری رکھنے کی امید کرتا ہے، تو قومی مزاحمتی فورس پائیدار امن کے حصول کے لیے جنگ کو فوری طور پر روکنے کے لیے تیار ہے۔'
مسعود، جو افغان فوج اور سپیشل فورسز یونٹس کے ساتھ ساتھ مقامی ملیشیا جنگجوؤں کی باقیات پر مشتمل مزاحمتی فورس کی قیادت کرتے ہیں، نے لڑائی شروع ہونے سے قبل طالبان سے مذاکرات کے ذریعے مسئلہ حل کرنے کو کہا تھا۔ مذاکرات کی کئی کوششیں کی گئیں لیکن بالآخر وہ ثمر آور ثابت نہیں ہوئی۔ دونوں فریق ایک دوسرے کو مزاکرات میں ناکامی کا ذمہ دار ٹھہراتے رہے۔
مسعود نے اپنی فیس بک پوسٹ میں لکھا کہ افغانستان کے لوگ کبھی مزاحمت سے نہیں تھکتے اور اپنے حقوق کے لیے لڑتے ہیں اور ایک ترقی یافتہ اور آزاد افغانستان کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔
یو این آئی