سرگرم کارکن اور اداکارہ عائشہ سلطانہ ( Actress, activist Aisha Sultana booked for sedition) پر غداری کا الزام اس وقت عائد کیا گیا جب اس کے خلاف بی جے پی لکشدیپ کے صدر سی عبد القادر نے کاوارٹّی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کی۔ سی عبد القادر نے یہ شکایت ردعمل کے طور پر اس وقت درج کی جب سی عبد القادر نے عائشہ کی جانب سے ایڈمنسٹریٹر پرفل پٹیل کو مبینہ طور پر حیاتیاتی (بائیو) ہتھیار قرار دیا گیا تھا۔
قبل ازیں ایک میڈیا انٹرویو میں عائشہ نے کہا تھا کہ مرکزی حکومت لکشدیپ کے خلاف اسی طرح پرفل پٹیل کو بائیو ہتھیار کے طور پر استعمال کررہی ہے جس طرح چین نے دوسرے ممالک کے خلاف کورونا وائرس کا استعمال کیا تھا۔ عائشہ نے واضح کیا کہ وہ پٹیل کا حوالہ دے رہی ہیں نہ کہ ملک یا حکومت کے بارے میں کچھ غلط کہہ رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لکشدیپ میں پٹیل اور اس کے ساتھیوں کے ذریعہ یہ وائرس پھیلا گیا ہے، جہاں ایک سال سے کوئی بھی کووڈ کیس رپورٹ نہیں ہوا تھا اور اس کو اسی تناظر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اس کا مقابلہ بائیو ہتھیار سے کیوں نہ کیا جائے۔
لکشدیپ لٹریری ورکنگ گروپ اس تنازعہ کے بعد عائشہ کی حمایت میں کھڑا ہوا ہے، حمایت میں کہا گیا ہے کہ لکشدیپ میں ثقافتی برادری کارکن عائشہ کے ساتھ کھڑی ہے اور عائشہ کے بیان کو غداری قرار دینا غلط ہے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں اپوزیشن جماعتوں کے رہنما اکٹھے ہوئے تھے تاکہ صدر رام ناتھ کووند سے پٹیل کے خلاف شکایت درج کروائیں۔ ایڈمنسٹریٹر کی طرف سے انتظامی فیصلوں اور پالیسی ساز تبدیلیوں کی کوشش نے مرکز کے زیرِ انتظام علاقہ میں ہلچل مچا دی کیونکہ مقامی لوگ مبینہ طور پر ان تبدیلیوں کے خلاف ہیں۔ جب کہ لکشدیپ سے ایڈمنسٹریٹر کو واپس بلانے کا مطالبہ بھی زور پکڑ رہا ہے۔
سرگرم کارکن اور اداکارہ عائشہ سلطانہ پر غداری کی شکایت درج کرانے کے بعد کئی قائدین اور اہم شخصیات نے ردعمل ظاہر کیا ہے۔ جن میں قابلِ ذکر سُچترا وجاین ہیں جن کا تعلق تامل ناڈو سے ہے اور وہ پولِیس پروجیکٹ کی ایکزیکیٹیو ڈائریکٹر بھی ہیں۔ سُچترا وجاین نے عائشہ سلطانہ پر غداری کا کیس درج ہونے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ٹویٹ کیا ہے۔