بھوپال: مدھیہ پردیش کے بھوپال کے رہائشی مشہور سماجی کارکن سید عابد حسین کو ان کی بہترین سماجی خدمات کے لیے انٹرنیشنل اوپن یونیورسٹی آف ہیومینٹی ہیلتھ سائنس اینڈ پیس کیلیفورنیا نے اعزازی ڈگری سے نوازا ہے۔ دراصل بھوپال کے امبیڈکر نگر کے رودر بھگاہی کے رہنے والے سید عابد حسین نے بیرون ملک پھنسے ہوئے بے گناہ ہندوستانیوں کی بہتری کے لیے ہمیشہ کوشاں رہے ہیں۔ عابد حسین کی مہم کے ذریعے اب تک تقریباً چھ سو بھارتی کی واپسی ممکن ہوچکی ہے۔ نئی دہلی کے کانسٹی ٹیوشن کلب آف انڈیا میں 12 مارچ بروز اتوار کی شام منعقدہ خصوصی کانووکیشن تقریب میں یونیورسٹی کے آرگنائزر ڈاکٹر وجے کمار بجاج، یونیورسٹی کے صدر جنرل جی ایم ڈاکٹر جسویر سنگھ، رانچی کے سابق ایم پی برج موہن رام جی اور آدھا جیلانی، سپریم کورٹ کے سینیئر وکیل کے ذریعے عابد حسین کو سماجی خدمات کے شعبے میں پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری سے نوازا گیا اور ان کی خدمات کو سراہا گیا۔
اس موقع پر سید عابد حسین نے اعزازی ڈگری ملنے پر ڈاکٹر وجے بجاج، انٹرنیشنل اوپن یونیورسٹی آف ہیومینٹی ہیلتھ سائنس اینڈ پیس کے صدر جنرل جی ایم ڈاکٹر جسویر سنگھ، ان کی پوری ٹیم اور وزارت خارجہ اور ہندوستانی سفارت خانے کے تمام عہدیداروں کا شکریہ ادا کیا۔ عابد حسین نے کہا کہ وہ آگے بھی یہ خدمات جاری رکھیں گے۔ وہیں اس موقع پر عابد حسین نے ای ٹی وی بھارت سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حال ہی میں انہوں نے اتر پردیش بہار کے کچھ نوجوانوں کو وطن واپسی کروائی ہے۔ ساتھ ہی 12 لوگ سعودی عرب سے اور دوسرے ممالک سے 38 نوجوانوں کی گھر واپسی کروائی جا چکی ہے۔ عابد حسین کہتے ہیں کہ اس کام میں بھارتیہ حکومت اور ایمبیسی ان کا بھرپور تعاون کرتی ہے، جس سے لوگوں کی مدد ہوتی ہے اور وہ اپنے وطن واپس لوٹ آتے ہیں۔
عابد حسین نے بھارت کے نوجوانوں کو بیرون ممالک جانے پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ وہ جہاں بھی نوکری کے سلسلے میں جائے تو وہاں جانے سے پہلے پوری تحقیقات کر لیں، جس بھی ایجنٹ یا ایجنسی کے ذریعہ آپ بیرونی ممالک جاتے ہیں، تو ان کے بارے میں بھی معلومات پوری طرح سے رکھے اور جب بیرونی ممالک جاتے ہیں تو وہاں پر آپ اپنی ایمبیسی سے رابطہ ضرور کرے کیونکہ جب بھی آپ کسی پریشانی یا مصیبت میں پڑتے ہیں تو آپ کی ایل سی آپ کی مدد ضرور کرے گی اور ایسے میں آپ کو دیگر لوگوں کی مدد کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
عابد حسین کہتے ہیں کہ ہمارے ملک کے نوجوانوں کو بیرون ملک ضرور جانا چاہیے کیونکہ اس سے ہمارے ملک کی معشیت اچھی ہوتی ہے۔ عابد حسین نے کہا کہ جس طرح کے اعزازات سے مجھے نوازا جارہا ہے اس سے میری حوصلہ افزائی ہوتی ہے اور کام کرنے کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔ عابد حسین نے کہا کہ جس طرح کا سپورٹ بھارتی حکومت کا میرے ساتھ ہے اور لوگوں کی دعائیں ہیں، میں اپنے کام کو اسی طرح سے جاری رکھوں گا۔