گیا: ریاست بہار کے ضلع گیا میں منشیات کی سپلائی کے الزام میں جیل میں رہ کر پرچہ نامزدگی داخل کرنے والی خاتون لاچھو دیوی نے جیت درج کی ہے۔ گزشتہ سنیچر کو ہی وہ جیل سے رہا ہوئی ہیں۔ پولیس کے مطابق لاچھو دیوی منشیات کی سپلائر ہیں۔ بتادیں کہ گیا بلدیاتی انتخابات کے نتائج آنے شروع ہوگئے ہیں۔ اب تک پانچ وارڈوں کے نتائج کا اعلان کردیا گیا ہے۔ اس میں وارڈ نمبر 3 سے ایک خاتون لاچھو دیوی نے جیت درج کیا ہے۔ لاچھو دیوی کی جیت کی وجہ یہ بھی بتائی جارہی ہے کہ وہ گزشتہ ایک برس سے جیل میں قید تھیں، ان پر براؤن سوگر سمیت دیگر منشیات کی سپلائی کا الزام تھا۔ وہ اس سے پہلے بھی جیل جاچکی ہیں۔ پولیس رپورٹ کے مطابق گیا میں وہ براؤن سوگر کی سب سے بڑی سپلائر تھیں، انکے ٹھکانوں پر چھاپہ ماری میں منشیات بھی برآمد ہوئی تھی اور رواں برس وہ جیل بھی گئی تھیں اور انہوں نے جیل میں رہتے ہوئے نامزدگی پرچہ داخل کیا تھا، تاہم گزشتہ سنیچر کو وہ جیل سے باہر آگئی ہیں۔
مزید پڑھیں:۔ Gaya Corporation Election گیا بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ جاری
لاچھو دیوی نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ گزشتہ ہفتہ وہ جیل سے باہر آئی تھیں۔ انکے وارڈ کی عوام نے ان پر بھروسہ کیا اور انہوں نے سات سو ووٹوں سے جیت درج کی ہے۔ انکے وارڈ میں چار ہزار ووٹنگ ہوئی تھی تاہم اپنے حریف کو سات سو ووٹوں سے ہرایا ہے حالانکہ انہوں نے جیل جانے کے سوال پر کہا کہ وہ جیل نہیں گئی تھیں، وہ بیرون ملک گھومنے گئی تھیں۔ انہیں اس بات کا کوئی فرق نہیں پڑتا کہ وہ جیل کے اندر سے یا باہر سے انتخاب لڑیں۔ وہ اس سے پہلے بھی دو مرتبہ اور جیت درج کرچکی ہیں۔ واضح رہے کہ لاچھو دیوی پر منشیات کی سپلائی کے ساتھ کئی مجرمانہ ریکارڈ کا الزام ہے۔ انکے خلاف مارپیٹ اور الیکشن کے دوران ووٹروں کو متاثر کرنے کا بھی الزام عائد ہے۔ پولیس نے ووٹنگ کے دوران ان پر سخت نظر بنائے ہوئی تھی۔