دہلی: قومی دارالحکومت دہلی میں گزشتہ روز نیشنل انفارمیٹکس سینٹر میں رینڈم ڈجیٹل سلیکشن کے ذریعے قرعہ اندازی کا عمل مکمل ہوا۔ رواں برس دہلی سے حج بیت اللہ کے لیے جانے والے عازمین کی تعداد اب تک کی تاریخ میں سب سے زیادہ ہے، رواں برس کوٹہ سسٹم کی فی الحال کوئی جگہ نہیں ہے۔ اس بار دہلی سے کم از کم 2540 خوش نصیب افراد حج کا فریضہ ادا کریں گے۔
دہلی سے حج بیت اللہ کے لیے درخواست گزار 4110 عازمین حج میں سے آن لائن قرعہ اندازی کے ذریعے 2540 عازمین حج منتخب کیے گئے ہیں۔ جن میں مرد عازمین کی تعداد 1330 جبکہ خواتین عازمین کی تعداد 1210 ہے، منتخب ہونے والے ان خوش نصیب افراد میں 51 غیر محرم خواتین اور 70 سال اور اس سے زائد عمر کے 210 عازمین شامل ہیں جبکہ 1570 درخواست گزار ویٹنگ لسٹ میں رکھے گئے ہیں۔
دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں، ارکان کمیٹی محمد سعد، گوتم گھمبیر اور نازیہ دانش نے اس موقع پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے قرعہ اندازی میں منتخب ہونے والے تمام عازمین حج کو مبارکباد پیش کی۔ حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی نے بتایا کہ منتخب عازمین کی فہرست دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے دفتر میں چسپاں کردی گئی ہے اور انہیں ان کے فون نمبر پر بھی مطلع کیا جا رہا ہے کہ حج کمیٹی منتخب عازمین کے ضروری اور مطلوبہ دستاویزات کی وصولی اور تکمیل کے لیے کارروائی کا عمل تیز کرتے ہوئے عازمین حج سے مسلسل رابطے میں رہے گی اور ان کی رہنمائی اور معلومات کی فراہمی کے لیے خصوصی انتظامات کو یقینی بنائے گی۔
ماہ رمضان کے فورا بعد عازمین کی تربعت کا سلسلہ بھی شروع کیا جائے گا اور اس کے لیے دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی دہلی کے مختلف علاقوں میں اپنے ماہرین اور تربیت دہندگان کے ذریعے کئی مرحلے میں عازمین کی تربیت کے لیے تربیتی کیمپ کا انعقاد کرے گی وزارت اقلیتی امور اور حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے جاری حج کلینڈر کے مطابق اس سال حج بیت اللہ کے لئے حج فلائٹ کا سلسلہ 21 مئی 2023 سے شروع ہونے کا امکان ہے۔
دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں نے منتخب عازمین حج سے درخواست کی ہے کہ حج کمیٹی آف انڈیا کی طرف سے مقرر کردہ سرٹیفکٹ اور دیگر کاغذات دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی میں 7 اپریل 2023 تک جمع کرادیں، اس بار میڈیکل سرٹیفکیٹ وزارت صحت و خاندانی بہبود حکومت ہند کی جانب سے جاری کیے گئے پرفارما پر ہی لیا جائے گا، جو صرف سرکاری ڈاکٹر سے تصدیق شدہ ہونا لازمی ہے۔ مذکورہ میڈیکل سرٹیفکیٹ کا پرفارمہ حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے یا دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے دفتر سے بھی حاصل کیا جا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: Haj 2023 مدھیہ پردیش میں عازمین حج کوئی اطلاع موصول نہ ہونے سے پریشان