پیگاسس اسپائی ویر جاسوسی معاملے پر حکومت مغربی بنگال نے سخت رویہ اپنایا ہے۔ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اس معاملے کی جانچ کے لیے کمیشن تشکیل دیا ہے۔ اس طرح مغربی بنگال ملک کی پہلی ریاست بن گئی ہے جس نے اس معاملے میں جانچ کی پہل کی۔ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے منگل کے روز کابینہ کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا۔ جانچ کمیشن میں دو سابق ججز شامل ہیں۔
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کابینی اجلاس کی ایک اہم میٹنگ کے بعد میڈیا کو بتایا کہ پیگاسس اسپائی ویر کی مدد سے جاسوسی معاملے سےمتعلق ایک اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔ پیگاسس جاسوسی معاملے کی جانچ کے لئے حکومت مغربی بنگال نے ایک جانچ کمیشن تشکیل دیا ہے۔ مغربی بنگال ایسا کرنے والی پہلی ریاست بن گئی ہے۔ جانچ کمیشن کی ذمہ داری دو سابق ججز ایم بی لکور اور جیوتری موئے بھٹا چاریہ کو دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:Assam-Mizoram Violence: راہل نے کہا، وزیر داخلہ نے ملک کو ناکام بنا دیا
اس موقع پر وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے مرکزی حکومت پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ کوئی اگر بیدار نہیں ہوتا ہے تو اس کو بیدار کرنا پڑتا ہے۔ امید ہے کہ 'ہمارے اس اقدام سے دوسرے لوگ بھی سبق لیں گے۔ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی آج ہی دہلی کے لئے روانہ ہو چکی ہیں۔'
ملک کے دارالحکومت دہلی میں ان کے کئی پروگرامز ہونے والے ہیں۔ دہلی روانگی سے قبل انہوں نے کابینی وزراء کی میٹنگ کی اور اس کے بعد میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیگاسس کا استعمال کرکے میڈیا، سیاسی افراد اور شہریوں پر نظر رکھی جارہی ہے۔
گزشتہ ایک ہفتہ قبل لوک سبھا کا اجلاس منعقد ہوا تھا، ہمیں لگا تھا مرکزی حکومت سپریم کورٹ کے کسی سابق جج کی سربراہی میں اس معاملے کی جانچ کرانے کا اعلان کرے گی۔ جس سے اس معاملے میں لوگوں کو انصاف ملتا۔ لیکن جب 'ہم نے دیکھا کہ مرکزی حکومت نے اس سلسلے میں قدم نہیں اٹھایا تو دہلی جانے سے قبل میں نے اس معاملے کی جانچ کے لئے کمیشن تشکیل دیا ہے۔'
مودی مخالف تحریک کو تقویت بخشنے کے لئے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی دہلی جارہی ہے۔ وزیر اعظم اور صدر جمہوریہ کے ساتھ ملاقات کریں گی۔ اس کے علاوہ کانگریس کی اعلیٰ قیادت سونیا گاندھی، این سی پی کے صدر شرد پوار کے ساتھ بھی ان کی میٹنگ متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق عام آدمی پارٹی کے سربراہ سے بھی ممتا بنرجی کی میٹنگ ہوسکتی ہے۔