کورونا وائرس سے متاثرہ شخص کو کنگ جارج میڈیکل یونیورسٹی ہسپتال میں شریک کیا گیا تھا تاہم ایک ہفتہ کے اندر وہ صحتیاب ہوگیا اور اسے ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔
لکھنوں میں کنگ جارج میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ایم ایل بی بھٹ نے کہا کہ ’وائرس سے متاثرہ شخص جو صحتیاب ہوچکا ہے اس کا قبل ازیں اسی ہسپتال میں مئی 2019 تا اگست 2019 میں کینسر کا علاج کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ’جیسا کہ ہم جانتے ہیں کہ ذیابطیس، بلڈپریشر اور کینسر جیسے امراض میں مبتلا افراد کا کوویڈ۔19 انفیکشن سے صحتیاب ہونے کے امکانات کم رہتے ہیں لیکن کینسر سے صحتیاب ہونے والے شخص نے کوویڈ۔19 کو بھی مات دیدی ہے جو ہمارے لئے خوش آئند بات ہے۔
مرکزی وزارت صحت کے مطابق اترپردیش میں اب تک 5,735 افراد کورونا سے متاثر پائے گئے جبکہ 3,238 افراد کو صحتیابی کے بعد ہسپتالوں سے ڈسچارج کردیا گیا۔ ریاست میں اس وبا سے 152 اموات ہوئی ہیں۔