پولیس نے سرینگر کے مضافات میں محرم کے جلوس کے دوران متنازع نعرے بلند کرنے پر متعدد افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔
پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں محرم کے جلوس کے دوران لوگ متنازع نعرے بازی کرتے ہوئے پائے گئے۔ پولیس تھانہ پارم پورہ نے اس ویڈیو پر تیزی سے کام کرکے اس مقام کی نشاندہی کی جو ہوکرسار نوپورہ بنڈ کے اختتام پر واقع ہے۔ یہ علاقہ ہوکرسار روڈ سے اندر تقریبا 2.5 کلومیٹر دور ہے۔
پولیس کے مطابق یہ علاقہ الگ تھلگ ہے اور اس سے قبل کسی بھی ایسے غیر قانونی اجتماع کے انعقاد کا کوئی واقعہ سامنے نہیں آیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس وقت نہ علاقے میں پولیس موجود تھی نہ ہی کسی جلوس کا ان کے پاس کوئی اِن پُٹ تھا، کیونکہ یہ علاقہ مرکزی امام بارہ سے بہت دور ہے۔
سرینگر کی پولیس نے اس سلسلے میں تین افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کے سی سی آئی کے صدر کی مدت کار ختم ہو رہی ہے
ترجمان نے مزید کہا 'آدھی رات کو چھاپے مارے گئے جس میں دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور مذکورہ معاملے میں مزید گرفتاریوں کی توقع کی جا رہی ہے اور تفتیش جاری ہے۔