سرینگر (جموں و کشمیر): جموں و کشمیر کی گرمائی دارلحکومت سرینگر میں ایک چونکا دینے والا واقعہ اُس وقت پیش آیا جب شہر سرینگر کے ٹانگا اڑا، دریش کدل علاقے میں ایک خاتون نے مبینہ طور اپنے منگیتر پر چاقو سے حملہ کرکے اسے شدید زخمی کر دیا۔ یہ واقعہ معروف ایس ایم ایچ ایس اسپتال کے نزدیک منگل کی دوپہر پیش آیا۔ پولیس کے ایک سینئر افسر نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ ’’بمنہ علاقے کے رہنے والے عادل احمد کو اس کی منگیتر نے آج دوپہر پیٹ میں چھرا گھونپا اور شدید زخمی کرنے کے بعد موقع سے فرار ہو گئی۔ زخمی شخص کو ایس ایم ایچ ایس ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں وہ اس وقت زیر علاج ہے۔‘‘ حملہ کے بعد خاتون موقع پر سے فرار ہو گئی تاہم سرینگر پرلیس نے اسے چند گھنٹوں کے دوران ہی حراست میں لے لیا۔
سرینگر پولیس نے اس ضمن میں پریس بیان جاری کرتے ہوئے کہا: ’’آج بمنہ، سری نگر کے ایک رہائشی عادل احمد کلو پر ٹانگ اڈا، چھتہ بل میں ایک خاتون نے چاقو سے وار کیا اور اسے زخمی کر دیا۔ زخمی کا اسپتال میں علاج کیا جا رہا ہے اور پولیس اسٹیشن صفاکدل میں مقدمہ زیر ایف آئی آر نمبر 57/2023 آئی پی سی کی دفعہ 323، 307 کے تحت درج کیا گیا ہے۔‘‘ پولیس بیان کے مطابق ’’ملزمہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور ابتدائی تفتیش کے دوران یہ معلوم ہوا ہے کہ خاتون اور زخمی شخص کا آپس میں رشتہ طے ہو چکا تھا خاتون نے منگیتر کی جانب سے کام (Job) کے سلسلہ میں اعتراض ظاہر کیے جانے اور تکرار کے بعد اس پر چاقو سے حملہ کیا۔‘‘ سرینگر پولیس نے بیان میں مزید کہا ہے کہ ’’ابتدائی اطلاعات کے مطابق زخمی شخص اُس مقام پر پہنچا جہاں ایک ویڈیو ریکارڈ کر رہی تھی۔ جہاں تلخ کلامی، بحث و تکراک کے بعد خاتون نے منگیتر کو چاقو مار کر اسے زخمی کر دیا۔‘‘
حملہ کے بعد کی ایک ویڈیو بھی وائرل ہوئی جس میں متاثرہ (عادل) چیخ کر کہہ رہا ہے کہ اس پر حملہ کرکے اسے زخمی کر دیا گیا۔ ویڈیو میں ملزمہ (جس کی شناخت پولیس بیان کے مطابق سرینگر کے مضافاتی علاقہ پارمپورہ کی رہائشی آصفہ بشیر کے طور پر ہوئی ہے) کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ دریں اثنا، ایس ایم ایچ ایس اسپتال کے چیف میڈیکل آفیسر، ڈاکٹر آصف، نے زخمی شخص کی حالت کے بارے میں اپ ڈیٹ شیئر کرتے ہوئے کہا: ’’ان کے پیٹ میں چوٹ آئی ہے، تاہم ان کی حالت مستحکم ہے۔‘‘ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ملزمہ گزشتہ ماہ اُس وقت خبروں کی زینت بنی جب اُس نے روتے ہوئے سماجی رابطہ گاہ پر ایک ویڈیو وائرل جس میں اُس نے چھتہ بل کے ایک دکاندار PET SHOPکے مالک پر الزام عائد کیا کہ ’’پیٹ شاپ کے مالک کی لاپرواہی‘‘ سے اُس کی پالتو بلی انفیکشن کا شکار ہوکر ہلاک ہو گئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع میں دو طالب علم - ہدایت احمد تانترے ولد عبد الرشید اور ابراہیم احمد تانترے ولد نور محمد - دونوں بیہامہ گاندربل کے رہائشی ہیں - پر ایک نامعلوم نوجوان نے چاقو سے حملہ کیا، جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے۔ واقعے کے بعد دونوں کو ضلع اسپتال گاندربل لے جایا گیا جہاں سے انہیں مزید علاج و معالجہ کے لیے شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز، (سکمز) صورہ ریفر کر دیا گیا جہاں اس وقت دونوں زیر علاج ہیں اور اور دونوں کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔
اسی طرح سنہ 2021 کے جنوری میں سرینگر کے خانیار علاقے میں آثار شریف درگاہ حضرت دستگیر صاحبؒ کے قریب ہاتھا پائی میں ایک شخص ہلاک جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق ہاتھا پائی کے دوران سری نگر کے علاقہ رعناواری کے رہائشی زیاان چشتی ولد محمد اشرف چشتی پر چاقو سے حملہ کرکے قتل کر دیا گیا جبکہ اس کے ساتھ موجود ایک اور شخص - فیضان فدا بٹ ولد فدا احمد بٹ ساکنہ الٰہی باغ سرینگر - کو شدید زخمی کر دیا گیا۔ بعد ازاں حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا تھا اور اس معاملے کی قانونی کارروائی جاری ہے۔