جموں و کشمیر پولیس کا کہنا ہے کہ سیاسی کارکنوں کو اپنی حفاظت کا خیال رکھتے ہوئے سکیورٹی کے بغیر گھروں سے باہر نہیں نکلنا چاہیے کیونکہ وہ عسکریت پسندوں کے لئے آسان ہدف ہیں۔
کشمیر پولیس زون کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے ایک پریس کانفرنس کے دوران ای ٹی وی بھارت کے نمائندے کی طرف سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ کشمیر میں گزشتہ تین دہائیوں سے سیاسی کارکنوں کو خطرہ رہا ہے، لیکن اس دوران ان کی طرف سے بھی کوتاہی برتی جاتی ہے-
یہ بھی پڑھیں: کولگام تصادم میں جیش کا آئی ای ڈی ماہر ہلاک: پولیس
غور طلب ہے کہ شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں 9 جولائی کو عسکریت پسندوں نے بی جے پی سے وابستہ ایک ہی کنبے کے تین سیاسی کارکنوں کو ہلاک کیا تھا-
اس واقعے سے قبل جنوبی کشمیر کے کوکرناگ علاقے سے کانگریس سے منسلک ایک سرپنچ اجے پنڈتا کو نامعلوم بندوق برداروں نے ہلاک کیا تھا جبکہ گزشتہ روز وترگام رفیع آباد سے بی جے پی کے ایک سیاسی کارکن معراج الدین کے اغوا ہونے کا دعویٰ کیا گیا تھا، تاہم وہ جمعرات کو گھر سلامت پہنچ گئے-
ان واقعات کے بعد سیاسی کارکنوں میں عدم تحفظ پیدا ہوا اور انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ انہیں سکیورٹی فراہم کی جائے-
واضح رہے کہ جموں و کشمیر میں چار دہائیوں سے چلے آرہے ناسازگار حالات کے دوران سینکڑوں سیاسی کارکنوں کو ہلاک کیا گیا۔-