جموں و کشمیر پولیس نے سرینگر میں آج صبح چار سینئر صحافیوں کے گھروں پر چھاپے مارے ہیں۔
پولیس کے مطابق آج صبح مختلف ٹیموں نے شوکت مٹا، اظہر قادری، ہلال میر اور شاہ عباس کے گھروں پر چھاپہ ڈالا اور وہاں تلاشی لی۔
سرینگر میں ایک پولیس افسر نے ای ٹی وی بھارت کو نام مخفی رکھنے کی شرط پر بتایا کہ ان صحافیوں کے گھروں پر 'کشمیر فائٹ بلاگ' معاملے کی جانچ کے سلسلے میں چھاپے ڈالے گئے ہیں۔
تاہم پولیس کے مطابق کسی بھی صحافی کو حراست یا گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ پولیس نے لال چوک کے کوٹھی باغ پولیس اسٹیشن میں اکتوبر سنہ 2020 میں 'کشمیر فائٹ بلاگ' کے ذریعے وادی میں صحافیوں، سماجی کارکنوں کے خلاف دھمکی آمیز مواد شائع کرنے پر ایف آئی آر زیر نمبر 82/2020 زیر سکشن 13 یو اے پی اے ایکٹ اور 506 آئی پی سی کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔
کشمیر فائٹ بلاگ پر اگرچہ بھارت میں پابندی لگائی گئی ہے لیکن بلاگ اب بھی فعال ہے اور حال ہی میں اس پر جموں و کشمیر سے شائع ہونے والے نامور اخبارات کے مدیروں کو دھمکی دی گئی تھی اور انہیں بھارت کا ایجنٹ قرار دیا گیا تھا۔
جموں و کشمیر پولیس نے جولائی میں دعویٰ کیا تھا کہ بلاگ چلانے والے پانچ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔