شوپیاں: جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے لوگوں سے مملکت پاکستان کی سلامتی کے لیے دعا مانگنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک آج کل ایک ایسے بحران سے گزر رہا ہے کہ معلوم ہی نہیں کہ یہ ملک بچے گا بھی یا نہیں۔ جنوبی کشمیر کے شوپیان علاقے میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سرینگر سے رکن پارلیمان فاروق عبداللہ نے کہا کہ اس ملک کی اقتصادی حالت خراب ہے اور ہر وقت وہ کسی نہ کسی طوفان میں گھر جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خدا سے دعا مانگو کہ وہ اس ملک پر رحم کرے کیونکہ جتنا وہ مضبوط ہوگا اتنا ہم سب ٹھیک ہوں گے۔ انہوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ اپنی طرف بھی توجہ دیں، اپنے بچوں کی طرف بھی دھیان دیں اور انہیں ٹھیک کرنے کی کوشش کریں۔
انہوں نے کہا کہ آج کل بھارتی سراغ رساں ادارے انٹلی جینس بیورو (آئی بی) ہمارے بچوں کو پیسے دے رہا ہے۔ انہوں نے ہر جگہ 15 ہزار بچے تیار کیے ہیں جنہیں ہر مہینے پیسے دیے جارہے ہیں۔ انہیں معلوم نہیں کہ جس طرح سے دوسروں کو قتل کیا جاتا ہے کل انہیں بھی اسی طرح قتل کیا جائے گا۔ وہ نوجوان اس وقت سمجھ رہے ہیں کہ ایسا ہی چلتا رہے گا۔ فاروق عبداللہ نے کہا کہ ان لڑکوں کو موبائل فون دیے گئے ہیں تاکہ وہ انہیں اطلاعات فراہم کریں۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں پر نظر رکھیں اور نیشنل کانفرنس کو مضبوط کریں کیونکہ جب تک تنظیم ہے، تب تک سب کچھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شدید بارش کی وجہ سے فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔ اس کی وجہ صرف یہ ہے کہ ہمارے گناہ بڑھ گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: Farooq Abdullah On Neighboring Country بھارت کی ترقی کے لئے پڑوسی ملک کا استحکام ضروری، فاروق عبداللہ