سرینگر: متحدہ مجلس علماء نے تمام مساجد کے اماموں، علمائے کرام، مذہبی اداروں کے سربراہان اور عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ جمعہ کے روز ”نماز استسقاء“ کا اہتمام کریں اور بارش اور سخت موسم سے نجات کے لیے اللہ تعالیٰ سے انفرادی اور اجتماعی طور پر دعا کریں۔ اس سلسلہ جمعہ یعنی 12 جنوری 2024 کو جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ کے بعد "نماز استسقاء" کا انعقاد کیا جائے گا۔ متحدہ مجلس علماء کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ خشک موسمی صورتحال کے پیش نظر عوام الناس سے اپیل کی جاتی ہیں کہ وہ جمعہ کو" نماز استسقاء" کا اہتمام کریں اور وادیٔ کشمیر میں موجودہ خشک موسم سے نجات کے لیے اللہ تبارک و تعالیٰ سے اجتماعی طور خاص دعا کریں۔
یہ بھی پڑھیں:
مسلمانوں کے مذہبی جذبات سے کھلواڑ کرنا بند کیا جائے، میر واعظ
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس حوالے سے 12 جنوری جمعہ کو جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ کے بعد نماز استقاء کا انعقاد کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ وادیٔ کشمیر میں گزشتہ کئی ماہ خشک موسمی صورتحال بنی ہوئی ہے۔ سخت ترین سردیوں کے 40 دنوں پر محیط چلہ کلان کا نصب حصہ بیت جانے کے باوجود بھی ابھی تک نہ تو میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئی نہ ہی برف باری ہی ۔ایسے میں محکمے موسمیات کے مطابق وادی کشمیر میں 20 جنوری تک وسیع پیمانے پر برفباری کا کوئی ابھی امکان نہیں ہے۔
قابل ذکر ہے کہ متحدہ مجلس علماء جموں وکشمیر میں انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر سمیت دارالعلوم رحیمیہ بانڈی پورہ، مفتی اعظم کی مسلم پرسنل لاء بورڈ، انجمن شرعی شیعیان، جمعیت اہلحدیث، کاروان اسلامی، اتحاد المسلمین، انجمن حمایت الاسلام، انجمن تبلیغ الاسلام، جمعیت ہمدانیہ، انجمن علمائے احناف، دارالعلوم قاسمیہ، دارالعلوم بلالیہ، انجمن نصرۃ الاسلام، انجمن مظہر الحق، جمعیت الائمہ والعلماء، انجمن ائمہ و مشائخ کشمیر، دارالعلوم نقشبندیہ، دارالعلوم رشیدیہ، اہلبیت فاؤنڈیشن، مدرسہ کنز العلوم، پیروان ولایت، اوقاف اسلامیہ کھرم سرہامہ کے علماء اس سلسلہ میں اپیل میں شامل ہیں۔
علاوہ ازیں بزم توحید اہلحدیث ٹرسٹ، انجمن تنظیم المکاتب، محمدی یتیم ٹرسٹ، انجمن انوار الاسلام، کاروان ختم نبوت، دارالعلوم سید المرسلین، انجمن علماء و ائمہ مساجد، فلاح دارین ٹرسٹ ویلفیئر سوسائٹی اسلام آباد، اشرف العلوم حیدرپورہ، دارالعلوم داؤدیہ بٹہ مالو، دارالعلوم فرقانیہ نوشہرہ، دارالعلوم داؤدیہ خانیار، جمعیت العلماء کشمیر، سراج العلوم، ادارہ وحدۃ المکاتب جموں وکشمیر، دارالعلوم امدادیہ نٹی پورہ، دارالعلوم جامعۃ الرشاد اونتی پورہ، خانقاہ مرادیہ جامع مسجد کریری، دارالعلوم صوت القرآن گلشن آباد سرینگر اور دیگر جملہ معاصر دینی، ملی، سماجی اور تعلیمی انجمن کے ذمہ داران بھی شامل ہیں۔