سرینگر: میر واعظ نے وادی کے معروف صحافی مرحوم خواجہ ثناء اللہ اور صوفی غلام محمد کو ان کی برسی پر یاد کیا۔ میر واعظ کشمیر ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے شہید حریت خواجہ عبدالغنی لون کے برادر اصغر اور سرکردہ سیاسی و سماجی رہنما بلال غنی لون کے چچا فتح محمد لون کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے بلال غنی لون، مرحوم کے فرزند محمد اقبال لون اور لون خاندان کے دیگر اراکین کے ساتھ رنج و الم کی اس گھڑی میں اپنی دلی تعزیت و تسلی کا اظہار کیا ہے۔ میر واعظ نے مرحوم کی سماجی خدمات کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے ان کے بلند درجات اور پسماندگان کے صبر جمیل کی خصوصی دعا کی۔
یہ بھی پڑھیں:
Kashmiri Journalist Arrested کشمیر صحافی عرفان معراج کی گرفتاری کی مذمت
میر واعظ نے روزنامہ آفتاب کے بانی مدیر خواجہ ثناء اللہ بٹ اور روزنامہ سرینگر ٹائمز کے بانی ایڈیٹر صوفی غلام محمد کو ان کی برسیوں پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے علم، ادب اور صحافت کے تئیں ان زیرک اور کہنہ مشق صحافیوں کی صحافتی اور ادبی خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیا۔ اپنے جاری کردہ بیان میر واعظ نے کہا کہ ان دونوں صحافیوں نے کشمیر میں صحافت کو ایک نئی منزل اور نئی جہت سے روشناس کیا اور نامساعد حالات میں بھی انہوں نے جموں وکشمیر کے عوام کی جملہ سطحوں پر ان کے جذبات اور احساسات کی ترجمانی کو اپنا فریضہ سمجھ کر ادا کیا۔
میر واعظ نے کہا کہ خواجہ ثناء اللہ بٹ اور صوفی غلام محمد جیسے صحافی کشمیر کی صحافتی ادب میں ایک درخشاں ستاروں کی مانند دہائیوں تک چمکتے رہے ہیں اور آج بھی کشمیری صحافت میں ان کی گرانقدر خدمات اور رول کو تحسین کی نظروں سے دیکھا جاتا ہے۔ انہوں نے مرحومین کے بلند درجات کے لیے خصوصی دعا کی۔