مرکز کے زیرانتظام علاقہ جموں و کشمیر کے نو منتخب لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے آج سرینگر کے راج بھون میں حلف لیا، اس دوران جموں و کشمیر ہائی کورٹ کی چیف جسٹس گیتا متل انہیں عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔
منوج سنہا نے بی جے پی حکومت میں اس سے پہلے وزیر مملکت برائے ریلوے میں اپنی خدمات انجام دی ہیں۔
جموں و کشمیر کے پہلے لیفٹیننٹ گورنر جی مرمو نے پانچ اگست 2020 کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا، جس کے بعد آج منوج سنہا نے جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر کا حلف لیا ہے۔
جی سی مرمو نے گزشتہ برس 31 اکتوبر کو جموں و کشمیر کے پہلے ایل جی کے بطور حلف لیا تھا۔
مرمو گزشتہ 9 ماہ سے اس عہدے پر فائز رہے جس دوران سیول سیکریٹریٹ میں بیوروکریسی دو خیموں میں منقسم ہوگئی، جہاں بیشتر افسران چیف سیکریٹری بی وی آر سبرامانیم کے خیمے میں تھے۔
ذرائع کے مطابق سنہا جموں و کشمیر کی منجمد سیاست اور سرکاری امور کو بحال کرنے کی کوشش کریں گے۔
منوج سنہا کی جموں و کشمیر کے دوسرے لیفٹیننٹ گورنر کے طور پر ہوئی تعیناتی کو ماہرین ایک بڑا سیاسی قدم بھی مان رہے ہیں کیونکہ اکتوبر کے مہینے میں بہار میں ریاستی انتخابات متوقع ہیں جہاں ہمیشہ سے بھومیہار سماج کا خاصا اثر رہا ہے اور سنہا بھی بھومیہار ہیں۔
سنہ 2017 میں جب بھارتیہ جنتا پارٹی نے اترپردیش کے ریاستی انتخابات میں بھاری اکثریت حاصل کی تھی تب منوج سنہا کا نام وزیر اعلیٰ کے عہدے کے لیے بھی سامنے آیا تھا۔ ان کے انتخابی حلقہ میں انہیں وکاس پُروش کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔