سرینگر: محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کشمیر میں یکم جولائی تک موسمی صورتحال دگر گوں رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم ابر آلود رہنے کے ساتھ دوپہر یا شام کے بعد رک رک کر بارشوں کا بھی امکان ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وادی میں 28 جون سے یکم جولائی تک موسم کی یہی صورتحال جاری رہنے کی توقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس دوران دریائوں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ درج ہونے کی بھی توقع ہے۔
محکمے نے عوام سے مون سون کے پہلے فعال مرحلے کے دوران ہوشیار و چوکس رہنے کی اپیل کی ہے۔ سرینگر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 0.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ قاضی گنڈ میں 4.2 ملی میٹر، پہلگام میں 1.4 ملی میٹر، کپوارہ میں 0.0 ملی میٹر اور گلمرگ میں 0.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔ ادھر وادی میں بارشوں کے باوجود شبانہ درجہ حرارت معمول سے زیادہ ریکارڈ ہوا ہے۔ گرمائی دارلحکومت سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت19.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے2.1 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 11.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے0.1 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت13.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے2.3 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔ سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت17.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 2.1 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
مزید پڑھیں: خشک سالی سے تباہی کے دہانے پرفصل
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 17.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے1.3 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔ لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت 7.4 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت 17.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
یو این آئی