جموں و کشمیر محکمہ صحت کی جانب سے تمام اضلاع میں ہیلتھ میلے کا انعقاد کیا جارہا ہے تاکہ عام لوگوں کو مرکزی حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی اسکیموں سے متعلق بیدار کیا جاسکے ۔اسی ضمن میں کولگام کے میڈیکل بلاک قائمو میں ہیلتھ میلہ کا انعقاد کیا گیا جس میں عام لوگوں کو محکمہ صحت کی جانب سے مختلف طبی خدمات فراہم کی گئیں۔ کیمپ کا افتتاح چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر رفیق دوبے نے کیا۔ اس کیمپ میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی، اس دوران محکمہ آیوش نے میلہ میں ایک اسٹال بھی لگایا جس میں یوگا سے متعلق مشاورت، قوت مدافعت بڑھانے، گھریلو علاج پر خصوصی توجہ دی گئی۔
وہیں وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے بیروہ بلاک میں بھی ہیلتھ میلہ کا اہتمام کیا گیا، جس میں لوگوں کی کافی تعداد نے شرکت کی اور یہاں موجود مختلف شعبوں کے ڈاکٹروں سے استفادہ کیا۔ اس موقع پر ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے بی ایم او بیروہ ڈاکٹر جاوید احمد گنائی نے بتایا کہ اس ہیلتھ میلے کا مقصد لوگوں کو گورنمنٹ کی جانب سے دی جانی والی اسکیموں کے بارے میں جانکاری فراہم کرنا ہے۔ تاکہ غریب عوام ان اسکیموں کا فائدہ اٹھاسکیں. اس کے ساتھ ساتھ ہم نے یہاں پر تمام طبی سہولیات دستیاب رکھی ہے جہاں پر طبی ماہرین موقع پر ہی مریض کا طبی معائنہ کرتے ہیں۔
ضلع پلوامہ کے میڈیکل بلاک پانپور میں بھی ایک بڑے ہیلتھ میلے کا انعقاد کیا گیا ہے۔ ہیلتھ میلے کا انعقاد سی ایم او پلوامہ ڈاکٹر حسینہ نے اے ڈی سی اونتی پورہ ظفر حسین شال اور میڑیکل آفسر پانپور ڈاکٹر محمد اشرف کی موجودگی میں کیا۔ میلے کے دوران عام لوگوں کو مختلف سرکاری اسکیموں کے بارے میں جانکاری فراہم کی گٸ ہے۔ پروگرام کے دوران ہیلتھ کارڈس کی رجسٹریشن کی سہولیات کے ساتھ ساتھ طبعی جانچ کی سہولیات بھی میسر رکھی گٸ تھی تاکہ لوگوں کا طبی جانچ بھی کیا جا سکے۔
اس کے علاوہ اننت ناگ کے بلاک ویری ناگ میں ہیلتھ میلہ منعقد کیا گیا۔ میلے کا افتتاح ایس ڈی ایم غلام رسول وانی نے بی ایم او ویری ناگ کی موجودگی میں کیا۔ میلے میں مریضوں کی طبی جانچ کے علاوہ مفت ادویات تقسیم کی گئی۔ میلے کے دوران مختلف محکموں کی جانب سے اسٹال لگائے گئے تھے۔ اس موقع پر سی ایم او اننت ناگ ڈاکٹر محمد یوسف زاگو نے کہا کہ میلے کا مقصد محکمہ کی جانب سے فراہم کئے جا رہے مختلف اسکیموں جن میں گولڈن کارڈ, مینٹل ہیلتھ وغیرہ کی جانکاری فراہم کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ محکمہ کی کوشش ہے کہ وہ بہتر طبی سہولیات فراہم کریں۔
وہیں ڈی ڈی سی چیئرپرسن گاندربل نذہت اشفاق نے گنڈ میں ہیلتھ میلے کا افتتاح کیا۔ ڈی ڈی سی چیئرپرسن نے آئے ڈی ڈی سی اور سی ایم او کے ساتھ مل کر محکمہ کی طرف سے لگائے گئے تمام اسٹالز کا معائنہ کیا۔ اور عام لوگوں کے لیے دستیاب سہولیات اور آئی ای سی مواد کے بارے میں دریافت کیا۔ اس موقع پر سی ایم او نے کہا کہ صحت میلو کے انعقاد کا مقصد لوگوں کو صحت کے مختلف سرکاری اسکیموں کے بارے میں آگاہی دینا اور انہیں ان کی دہلیز پر صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنا تھا۔