سری نگر: سری نگر میں سہہ روزہ جی ٹونٹی ٹورزم ورکنگ گروپ اجلاس اختتام پذیر ہونے کے بعد جمعرات کی صبح مندوبین دہلی کے لیے روانہ ہوئے۔ سری نگر میں پیر سے شروع ہونے والا یہ سہ روزہ اجلاس بدھ کے روز اختتام پذیر ہوا۔ ذرائع نے بتایا کہ تمام مندوبین سری نگر ہوائی اڈے سے چارٹرڈ پرواز کے ذریعے جمعرات کی صبح 10 بج کر 20 منٹ پر دہلی روانہ ہوئے۔ یہ اجلاس شہرہ آفاق جھیل ڈل کے کناروں پر واقع شیر کشمیر انٹر نیشنل کنوکیشن سینٹر( ایس کے آئی سی سی) میں منعقد ہوا۔
اجلاس کے آخری دن برستی بارش کے بیچ مندوبین مختلف سرگرمیوں میں مصروف رہے اور وہ مغل باغات کی پر کیف و دلکش نظاروں سے بھی لطف اندوز ہوئے۔ بدھ کے روز جی ٹونٹی مندوبین نے جہاں نشاط باغ میں تصویریں کھنچیں وہیں سری نگر کے پولو ویو مارکیٹ میں مختلف چیزوں خاص طور پر کشمیری دستکاریوں جیسے پشمینہ شال وغیرہ کی خریداری بھی کی۔
مندوبین اس سہہ روزہ دورے کے دوران سری نگر میں واقع للت گرینڈ پلیس ہوٹل اور تاج ویونتا ریزورٹ میں قیام پذیر تھے۔بتادیں کہ سری نگر میں 22 مئی کو سہہ روزہ جی ٹونٹی ٹورزم ورکنگ گروپ اجلاس شروع ہوا تھا۔یہ دفعہ 370 کی تنیسخ کے بعد جموں وکشمیر میں منعقد ہونے والا سب سے بڑا بین الاقوامی سطح کا اجلاس ہے۔
مزید پڑھیں: G20 Meet in Kashmir سرینگر میں جی 20 کے اجلاس کے پیشِ نظر ٹریفک ایڈوائزری جاری
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ انتہائی اہمیت کے حامل اس اجلاس میں شرکت کرنے کے لئے زائد از 70 مندوبین پیر کی صبح دہلی سے دو چارٹرڈ پروازوں کے ذریعے سری نگر پہنچے تھے۔ وادی کشمیر میں منعقد ہونے والے اس سہہ روزہ اجلاس کی نگرانی کے لئے تین درجے کی سیکورٹی کا بندوبست کیا گیا ہے اور مقام اجلاس کے گرد وپیش نیشنل سیکورٹی گارڈز (این ایس جی) اور مارکوس کماننڈوز کو تعینات کیا گیا ہے اور اس کے علاوہ فضائی نگرانی کے لئے ڈرون نصب کئے گئے ہیں۔
یو این آئی۔