مرکز کے زیر انتظام خطہ جموں و کشمیر کے ضلع رامبن میں جموں کشمیر نیشنل کانفرنس کی ضلع یونٹ کی جانب سے آج ضلع صدر مقام رامبن میں ہنگامی میٹنگ منعقد کی گئی،اس میٹنگ کی صدارت ضلع نائب صدر رامبن ایڈوکیٹ ارجن سنگھ راجو نے کی۔مذکورہ میٹنگ میں پارٹی کے سینئر ایڈوکیٹ آصف اقبال رونیال، ایڈوکیٹ آصف ایتو، ایڈوکیٹ تنویر وانی، مظفر لون، سندیپ سنگھ چب، کرن جیت سنگھ منہاس، اور کمار ہرش وجے سنگھ کے علاوہ دیگر وکلاء حضرات نے شرکت کی۔
مرکزی زیرانتظام جموں کشمیر انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ایک حکمنامہ کے پیش نظر یہ ہنگامی میٹنگ منعقد کی گئی۔اس حکمنامہ میں یہ درج ہے کہ سرکاری اراضی،روشنی ایکٹ اور گھاس چرائی اراضی سے لوگوں کی بے دخلی کے لیے ضلع انتظامیہ نے متعلقہ تحصیلداروں کو لسٹ تیار کرنے کے احکامات جاری کئےہیں۔
نائب صدر ارجن سنگھ راجو نے میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اراضی سے بے دخلی کا حکم دینے کا عمل غیر جمہوری اور غیر انسانی ہے ،انہوں نے اس معاملہ کو لے کر انتظامیہ پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا اس غیر جمہوری حکم سے ضلع رامبن کے غریب لوگوں میں خوف اور دہشت کا ماحول پیدا ہو گیا ہے جبکہ لوگ کئی دہائیوں سے ان زمینوں پر اپنا گزارہ کر رہے اور گھر بنا کر اپنی زندگی گزار رہے ہیں
ایڈوکیٹ ارجن سنگھ راجو نے مزید کہا کہ نیشنل کانفرنس جموں و کشمیر کے لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ضلع رامبن کے سینئر وکلاء پر مشتمل ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے جو متاثرہ لوگوں کو مفت قانونی امداد فراہم کرینگے، میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محکمہ مال کی جانب سے ریاستی اور روشنی اراضی سے افراد کی بے دخلی کے لیے جاری کردہ غیر جمہوری اور سخت حکم کو فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
مزید پڑھیں:National Conference پلوامہ میں نیشنل کانفرنس کے رہنماؤں اور کارکنان کی میٹنگ