راجوری (جموں کشمیر): صوبہ جموں کے سرحدی ضلع راجوری میں سیکورٹی اہلکاروں نے جمعرات کو سرچ آپریشن کے دوران ایک وائر لیس، ایک ٹیپ ریکارڈر اور 4 ٹفن آئی ای ڈی باکس کے علاوہ 23 اے کے راؤنڈ بر آمد کئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکورٹی فورسز کی ایک سرچ پارٹی نے جمعرات کی صبح ضلع کے حیات پور، منجاکوٹ کے علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کیا جس دوران انہوں نے یہ اشیاء برآمد کیں۔
راجوری پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔ واضح رہے کہ صوبہ جموں کے سرحدی علاقوں خاص کر پونچھ اور راجوری میں سیکورٹی گرڈ کو مزید مستحکم کیا ہے۔ سیکورٹی اہلکاروں کی جانب سے سرچ آپریشن لگاتار جاری ہیں جبکہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) سمیت انٹرنیشنل بارڈر (آئی بی) کے قریب دراندازی کو روکنے کے لیے ہائی ٹیک سیکورٹی کیمراز اور ڈرونز کا بھی استعمال عمل میں لایا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: CASO in Rajouri راجوری میں دو ہفتوں میں سو سرچ آپریشن
پونچھ اور راجوری میں بڑھتے عسکریت پسندانی حملوں کے پیش نظر فوج، بی ایس ایف کے اعلیٰ افسران سمیت وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بھی سرحدی علاقوں کا دورہ کرکے سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا تھا۔ یاد رہے کہ بی ایس ایف کے ڈائریکٹر جنرل نتن اگروال نے بدھ کو سرحدی علاقوں کا دورہ کرکے سیکورٹی صورتحال اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔ معلوم ہوا ہے کہ ڈی جی، بی ایس ایف نے فارورڈ چوکیوں کا بھی دورہ کیا۔ اگروال جموں کے دو روزہ دورے پر ہیں۔