لدھیانہ: ریاست پنجاب کے ضلع لدھیانہ میں ایک بڑا حادثہ پیش آیا ہے۔ ضلع کے گیاس پور علاقے میں زہریلی گیس کے اخراج سے دو بچوں سمیت11 افراد کی موت ہو گئی۔ حادثے میں 10 افراد بے ہوش ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ علاقے میں تحقیقاتی مہم چلائی جا رہی ہے۔ پولیس کے مطابق گیاس پورہ کے علاقے میں فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئی ہیں۔ ایمبولینس کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق اچانک گیس لیک کے باعث بھگدڑ جیسی صورتحال پیدا ہوگئی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ قریبی فیکٹری سے گیس کا اخراج ہوا۔ جیسے ہی لوگوں کو اس بات کا علم ہوا تو سب لوگ ادھر ادھر بھاگنے لگے۔ زیادہ تر لوگ بھاگ کر فیکٹری سے بہت دور پہنچ گئے ہیں۔
واقعے کے بعد اب علاقے کو سیل کر دیا گیا ہے، موقع پر موجود لدھیانہ کے سینئر پولیس افسر نے 11 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ کئی لوگ بیہوش بھی ہو گئے ہیں۔ انہیں علاج کے لیے اسپتال بھیجا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جان بچانا ہمارا اولین فرض ہے۔ اس وجہ سے علاقے کو سیل کر دیا گیا ہے اور پورے معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ شہر کے گیاس پور علاقے میں سامنے آیا ہے، یہ ستارہ نامی سینما کے قریب دودھ کی فیکٹری میں پیش آیا۔ گیس لیکج کے باعث ایک درجن سے زائد افراد بے ہوش ہو گئے جن میں موقع پر پہنچنے والے پولیس افسران بھی شامل ہیں۔ واقعے کے بعد اب علاقے کو سیل کردیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں:۔ Gas Leak in ECL Factory: ای سی ایل فیکٹری میں زہریلی گیس کی زد میں آکر دو مزدور ہلاک
کسی کو بھی جائے حادثہ تک جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے اور لوگوں سے بھی فاصلہ برقرار رکھنے کی اپیل کی جارہی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ گوئل ملک پلانٹ نامی اس فیکٹری میں بڑی کمپنیوں کی ڈیری مصنوعات آتی ہیں اور آگے سپلائی کی جاتی ہیں۔ جائے وقوعہ کے قریب رہنے والے ڈاکٹر شمبھونارائن سنگھ نے بتایا کہ گیس لیک ہونے سے ان کے گھر کے پانچ افراد بے ہوش ہو گئے ہیں۔ مجھے گھر کے قریب جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ اس نے آس پاس کے سب کو متاثر کیا ہے۔ موقع پر موجود انجل کمار نے بتایا کہ میرے چچا کی یہاں آرتی کلینک کے نام سے دکان ہے۔ ان کا پورا خاندان بے ہوش ہو گیا ہے، دو افراد کی لاشیں ابھی تک گھر میں پڑی ہیں۔