ترال: ترال کے بالائی علاقے وزل کلناڈ ترال میں آج ریچھ کے حملے میں ایک شیری زخمی ہوگیا ہے، زخمی شخص اس وقت سرینگر کے ہسپتال میں زیر علاج ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزل کلناڈ ترال میں آج صبح ریچھ نے ایک شہری بشیر احمد گوجر ولد عبدالغنی پر حملہ کرتے ہوئے اسے زخمی کردیا جس کے بعد وہاں افرا تفری کا ماحول پیدا ہوا۔مقامی لوگوں نےفوراً زخمی شخص کو سب ڈسٹرکٹ ہسپتال ترال پہنچایا جہاں اس کی ابتدائی مرہم پٹی کے بعد سرینگر کے ایس ایم ایچ ایس ریفر کیا گیا ہے جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ ان کا، گاوں چونکہ جنگل کے نزدیک آباد ہیں اس لئے وہاں اس قسم کے حملوں کو مستقبل میں بھی خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے۔یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ گزشتہ برس بھی ترال علاقے میں جنگلی حیاتیات اور انسانوں کے درمیان تصادم میں کئی افراد زخمی ہو گئے تھے۔ اس حوالے سے بی ایم او ترال ڈاکٹر وریندر سنگھ نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ زخمی شہری کو ابتدائی طور پر علاج معالجے کے بعد سرینگر کے ایس ایم ایچ ایس منتقل کیا گیا ہے جہاں اس کا علاج چل رہا ہے۔
مزید پڑھیں: Leopard captured Alive کولگام اور بڈگام میں محکمہ وائلڈ لائف نے دو تیندوں کو پکڑا
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اس سیزن میں چونکہ جنگلی جانور انسانی بستیوں کا رخ کرتے ہیں اس لیے عوام کو احتیاط سے کام لینا چاہئے تاکہ انسانی جانوں کا زیاں نہ ہونے پائیں۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ وادی کشمیر کے جنگلات میں انسانی مداخلت کی وجہ سے جنگلی جانور بستیوں کا رخ کرتے ہیں۔