پلوامہ (جموں و کشمیر): ترال کے ٹاؤن ہال میں دستکاری محکمہ کی جانب ایک معلوماتی پروگرام منعقد ہوا، جس میں شعبہ ہینڈی کرافٹس سے وابستہ/منسلک خواتین کاریگروں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پروگرام کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ترال، شبیر احمد رینہ نے کی جس دوران متعلقہ محکمہ کے افسران بھی موجود تھے۔ اس موقعے پر مقررین نے دستکاری کو فروغ دینے کی غرض سے شرکاء سے مفصل بات چیت کی۔
پروگرام میں شریک کئی خواتین کاریگروں نے بھی محکمہ کے افسران سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر کشمیری دستکاری کو فروغ دینے اور زیادہ سے زیادہ خواتین کو اس حوالے سے کام فراہم کرنے کے حوالے سے سیر حاصل بحث کی گئی جبکہ پروگرام کے دوران متعلقہ حکام نے مختلف مالی معاونت والی اسکیموں کے بارے میں بھی حاضرین کو آگاہی دی۔
ادھر، اے ڈی سی ترال نے کاریگروں کو انتظامیہ کی جانب سے بھرپور مدد دینے کی بھی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے وقت میں زیادہ سے زیادہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے راغب کیا جائے گا اور انہوں نے لوگوں سے اپیل کی وہ سرکاری طور جاری کی گئی اسکیموں سے فائدہ اٹھائیں۔
مزید پڑھیں: Anti Drug Awareness Programme ترال کو منشیات سے پاک رکھنے کے لیے انتظامیہ متحرک
اے ڈی سی ترال نے کہا کہ حکومت دستکاری کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں خاص کر گھریلو خواتین کو با اختیار بنانے اور انہیں روزگار فراہم کرنے کے بارے میں کافی سنجیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اس حوالہ سے نہ صرف آگاہی پروگرامز منعقد کیے جاتے ہیں بلکہ خواتین کو ٹریننگ اور حکومت کی جانب سے جاری کی گئی اسکیموں کی جانکاری اور ان سے استفادہ حاصل کرنے کے طریقہ کار بھی سکھائے جاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک کنبہ میں اگر خواتین بھی روزگار کمائے اور وہ معاشی طور مضبوط ہو تو اس سے پورے خاندان کو فائدہ حاصل ہوتا ہے اور گھر میں موجود بچوں کی بہتر نشونما اور پرورش بھی ممکن ہو پاتی ہے۔