پلوامہ: ’’جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے انعقاد میں تاخیر کے لیے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور الیکشن کمیشن برابر کے ذمہ دار ہیں۔‘‘ ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور جموں کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبد اللہ نے منگل کو ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عمر نے الزام عائد کیا کہ ’’مرکزی سرکار نہیں چاہتی کہ جموں وکشمیر میں جمہوری نظام قائم ہو۔‘‘
نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے ضلع پلوامہ کا دورہ کرکے عوامی جلسے سے خطاب کیا۔ دورے کے دوران ان کے ہمراہ این سی کے دیگر لیڈران بشمول جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، ترجمان اعلیٰ تنویر صادق سمیت دیگر سینئر پارٹی لیڈران بھی تھے۔ مجاہد منزل پلوامہ، میں منعقدہ عوامی کنونشن میں ضلع پلوامہ کے مختلف علاقوں سے آئے پارٹی کارکنوں، پارٹی حامیوں اور مقامی باشندوں کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔
جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا: ’’جہاں تک الیکشن کمیشن کا تعلق ہے، ہم بار بار یہاں اسمبلی انتخابات منعقد نہ کرنے کی وجہ ان سے دریافت کر رہے ہیں تاہم وہ مرکزی سرکار کی طرف اشارہ کر رہے ہیں اور مرکزی سرکار بار بار یہ کہہ رہی ہے کہ انتخابات الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار میں ہے۔ کچھ ماہ قبل چیف الیکشن کمشنر نے خود کہا تھا کہ ’’جموں و کشمیر میں ایک خلا ہے اور اسے پر کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘
عمر عبداللہ نے حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ’’اگر الیکشن کمیشن انتخابات نہیں کروا رہا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ اسے منظوری نہیں مل رہی ہے اور اگر ایسا ہے تو اس کا مطلب صاف ہے کہ بی جے پی جموں و کشمیر میں انتخابات منعقد کرانے کے لیے تیار نہیں ہے۔ ہم بی جے پی اور الیکشن کمیشن دونوں کو قصوروار ٹھہرا رہے ہیں کیونکہ یہاں انتخابات کرانے کی ذمہ داری ان (دونوں) کی ہے۔‘‘
مزید پڑھیں: JK Assembly Polls Uncertain?: کشمیر اسمبلی انتخابات پر غیر یقینی صورتحال برقرار
عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے، این سی لیڈر نے الزام عائد کیا کہ ’’جموں و کشمیر میں جمہوریت کو پامال کیا جا رہا ہے۔ یہ پہلی بار ہے کہ میں مرکز میں ایسی حکومت دیکھ رہا ہوں جو نہیں چاہتی کہ جموں و کشمیر میں جمہوریت بحال ہو۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’یہ (بی جے پی) حکومت نہیں چاہتی کہ لوگ اپنا حق رائے دہی کا استعمال کریں اور حکومت بنائیں۔‘‘ عمر عبداللہ کا مزید کہنا تھا کہ ’’جموں و کشمیر کی اسمبلی 2018 میں ختم ہو چکی ہے اور 2023 میں بھی جمہوریت کہیں نظر نہیں آ رہی۔‘‘ اپنی پارٹی -این سی - کی ستائش کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا: ’’پارٹی نے ہمیشہ جمہوری اداروں کی ترقی کی حمایت کی ہے۔‘‘
این سی کی جانب سے منعقدہ ریلی کے دوران عمر نے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا: ’’بی جے پی نے روزگار، ترقی اور بجلی کی فراہمی میں بہتری کی جھوٹی یقین دہانی کر کے عوام کو دھوکہ دیا ہے۔ سوائے جھوٹ کے انہوں نے عوام کو کچھ نہیں دیا۔ آج بجلی، پانی کی حالت بدتر ہے جب وہ دعویٰ کرتے ہیں کہ کروڑوں روپے خرچ ہو رہے ہیں۔ وہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو بجلی فراہم کرنے کے لیے مزید فنڈز کا بندوبست کیوں نہیں کرتے؟ ہمارے زمانے میں حالات آج کے حالات سے بہتر تھے۔‘‘