ترال: جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے ترال کے بالائی دیہات کو وستورون جنگلات سے گزر کر وہاب صاحب شار شالی پانپور کے ساتھ ملانے والی اہم سڑک کی تعمیر کا خواب اب شرمندہ تعبیر ہو رہا ہے۔ کیونکہ ترال انتظامیہ اب اس معاملے پر متحرک نظر آرہی ہے اور آج ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ترال شبیر احمد رینہ نے انتظامیہ کے دیگر آفیسران کے ہمراہ سعید آباد کی طرف رابطہ سڑک کی بحالی کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا اور اس اہم پروجیکٹ کے خدوخال پر تفصیلی بات کی۔
ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ترال شبیر احمد رینہ نے بتایا کہ پستونہ وہاب صاحب سڑک کی تعمیر سے نہ صرف ترال اور پانپور سب اضلاع کے درمیان مسافت کم ہوگی بلکہ اسے مقامی سیاحت کو فروغ ملے گا جسکی وجہ سے لوگوں کی اقتصادی حالت بہتر ہونے کے امکانات ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پہلگام میں بغیر اجازت ٹریکنگ پر پابندی عائد
انہوں نے مزید بتایا کہ سڑک کی تعمیر میں حائل رکاوٹوں کے بارے میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کو باخبر کیا گیا ہے اور انہیں اُمید ہے کہ جلد ہی اس اہم پروجیکٹ کے لیے گرین سگنل (منظوری) ملے گی۔